تمہارے بعد یہ عالم ہے کیا کیا جائے
خوشی، خوشی ہے نہ غم، غم ہے کیا کیا جائے
تمہاری یاد نے سینے کو زخم زخم کیا
تمہاری یاد ہی مرہم ہے کیا کیا جائے
یہاں جو پھول بھی کھلتا ہے زرد کھلتا ہے
خزاں بہار میں یوں ضم ہے کیا کیا جائے
بس ایک شخص کے گیسو سنوارتے تھے ہم
وہ ایک شخص بھی برہم ہے کیا کیا جائے
ہمارا ساتھ تو اب طے ہے عمر بھر کیلئے
یہ عمر بھر بھی مگر کم ہے کیا کیا جائے
میں چاہتا ہوں اسے سر سے پاؤں تک دیکھوں
پر لو چراغ کی مدھم ہے کیا کیا جائے
میں سیدھے رستے پہ چلنا تو چاہتا ہوں مگر
وہ زلف آج بھی پُرخم ہے کیا کیا جائے
بدل گیا ہے بہت کچھ مگر اُسے مل کر
رگوں میں پھر وہی اُدھم ہے کیا کیا جائے
کسے گلے سے لگائیں کسے دلاسہ دیں
ہر ایک آنکھ ہی پرنم ہے کیا کیا جائے
(حماد غزنوی)
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی