بیان جب کلیمؔ اپنی حالت کرے ہے
غزل کیا پڑھے ہے قیامت کرے ہے
بھلا آدمی تھا یہ نادان نکلا
سنا ہے کسی سے محبت کرے ہے
کبھی شاعری اس کو کرنی نہ آتی
اُسی بے وفا کی بدولت کرے ہے
چھری پہ چھری کھائے جاہے ہے کب سے
اور اب تک جئے ہے کرامت کرے ہے
کرے ہے عداوت بھی وہ اس اداء سے
لگے ہے کہ جیسے محبت کرے ہے
یہ فتنے جوہر ایک طرف اٹھ رہے ہیں
وہی بیٹھا بیٹھا شرارت کرے ہے
قبا ایک دن چاک اس کی بھی ہوگی
جنون کب کسی کی رعایت کرے ہے
کلیمؔ عاجز
از:-کلیاتِ کلیمؔ عاجز ص ۲۴۱/۲۴۲
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔