بچے کو دیوار پر چڑھنا ضرور سکھائیں لیکن……
زیادہ تر والدین دل سے چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ آگے بڑھے، کامیاب ہو، کسی مشکل میں نہ پڑے۔ نیت بالکل صاف ہوتی ہے، مگر مسئلہ وہاں پیدا ہوتا ہے جہاں نیت کے ساتھ مداخلت جڑ جاتی ہے۔ ہم بچوں کی زندگی میں اس طرح داخل ہو جاتے ہیں جیسے وہ اپنی نہیں بلکہ ہماری زندگی ہو۔ کون سا مضمون پڑھنا ہے، کیسے پڑھنا ہے، کب جاگنا ہے، کب سونا ہے، یہاں تک کہ کیا سوچنا ہے، یہ سب بھی ہم والدین طے کرنے لگتے ہیں۔
یہیں سے وہ تھکن، جھنجھلاہٹ اور بغاوت جنم لیتی ہے جو آج کے ہر دوسرے گھر میں نظر آتی ہے۔ والدین کہتے ہیں بچہ سنتا نہیں، اور بچہ دل ہی دل میں یہ کہتا ہے کہ مجھے جینے ہی نہیں دیا جا رہا۔ اصل بات یہ ہے کہ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر انسان کی اپنی ایک کشتی ہے اور اسے وہ خود ہی چلانی ہوتی ہے۔ ہم خیرخواہی کے نام پر اس کی کشتی میں بیٹھ کر چپو چلانے لگتے ہیں، اور پھر شکایت بھی کرتے ہیں کہ سفر خراب کیوں ہو گیا۔
ماہر نفسیات ایڈلر نے بہت سادہ مگر گہری بات کہی تھی کہ انسان کی زیادہ تر پریشانیاں باہمی تعلقات سے پیدا ہوتی ہیں، اور ان تعلقات میں سب سے بڑی الجھن تب آتی ہے جب ہم یہ طے نہیں کرتے کہ کون سا کام کس کا ہے۔ مثال کے طور پر اگر بچہ پڑھائی نہیں کرتا تو اس کا انجام کس کو بھگتنا پڑے گا۔ فیل ہونا، پیچھے رہ جانا، مواقع کھو دینا، یہ سب بچے کے حصے میں آتا ہے، والدین کے نہیں۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ والدین لاپروا ہو جائیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ والدین سہارا بنیں، کنٹرولر نہیں۔
یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کسی بچے کو دیوار پر
چڑھنا سکھایا جائے۔ دیوار بچے نے چڑھنی ہے، گرنے کا خطرہ بھی اسی کا ہے، مگر والدین نیچے کھڑے ہو سکتے ہیں۔ اگر بچہ پھسلے تو سنبھال لیں، مگر اس کی جگہ خود دیوار نہ چڑھیں۔ جب والدین ہر کام خود کرنے لگتے ہیں تو بچہ سیکھتا نہیں، بس تابع بن جاتا ہے، اور تابع انسان اندر سے کمزور ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعریف اور منظوری کی بھوک بھی ہمیں غلام بناتی ہے۔ جب ہم ہر وقت یہ سوچتے رہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، بچہ کیسا نظر آئے گا، خاندان کیا سوچے گا، تو ہم اپنی نہیں بلکہ دوسروں کی زندگی جینے لگتے ہیں۔ پھر زندگی انعام اور سزا کا کھیل بن جاتی ہے۔ تعریف ملی تو خوش، تنقید ہوئی تو ٹوٹ گئے۔ یہ طریقہ نہ والدین کو سکون دیتا ہے، نہ بچوں کو اعتماد۔
کاموں کی علیحدگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ محبت کا مطلب گرفت میں رکھنا نہیں، بلکہ آزادی کے ساتھ ساتھ چلنا ہے۔ بچے کو یہ کہنا کہ یہ تمہاری ذمہ داری ہے، اور ساتھ یہ بھی کہنا کہ جب تمہیں ضرورت ہو، میں موجود ہوں، یہی اصل توازن ہے۔ گھوڑے کو پانی کے کنارے تک لے جانا سائیس کا کام ہے، مگر پانی پینا گھوڑے ہی نے ہے۔ جب تک یہ بات دل سے قبول نہیں کی جائے گی، نہ والدین کو سکون ملے گا نہ بچوں کو۔ آخر میں عرض ہے کہ رشتہ اس وقت خوبصورت ہوتا ہے جب اس میں گھٹن نہ ہو۔ کسی کو قابو میں رکھ کر ساتھ رکھنا محبت نہیں، بلکہ آزادی کے ساتھ ساتھ رہنے کی اجازت ہی محبت کا اصل لطف ہے۔
اللہ ، آپ کو آسانیاں عطا فرمائے۔
جاوید اختر آرائیں
5 جنوری 2026
جاوید_اختر_آرائیں
Source