پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بورخیس اور میں تحریر: خورخے لوئیس بورخیس (ارجنٹائن…

بورخیس اور میں
تحریر: خورخے لوئیس بورخیس (ارجنٹائن)
مترجم: محمود احمد قاضی

اس دوسرے بورخیس کے ساتھ کچھ نہ کچھ لگا ہی رہتا ہے۔ میں بیونس آئرس میں مٹر گشت کرتا ہوں اور اب شاید تقریباً مشینی انداز میں لوہے کے بنے دروازے اور گزرگاہ کے اوپر بنی محراب کو دیکھنے کے لئے رُکتا ہوں۔ بورخیس کی خبریں مجھ تک ڈاک کے ذریعے پہنچتی ہیں اور میں اس کا نام کسی جامعہ کے ووٹ یا کسی سوانحی لغت میں دیکھتا ہوں۔ مجھے ریت گھڑیال ، نقشے، اٹھارہویں صدی کی ٹائپ نگاری، اشتقاقیات، کافی کا ذائقہ اور رابرٹ لوئیس سٹیونسن کی نثر پسند ہے، وہ میری ان ترجیحات میں شریک تو ہوتا ہے لیکن ایسی خودنمائی کے ساتھ جو ان کو کسی اداکار کی صفات میں تبدیل کردیتی ہے۔ یہ کہنا مبالغہ آرائی ہوگی کہ ہمارا آپس کا تعلق معاندانہ ہے۔ میں جہ رہا ہوں میں جئے جارہا ہوں تاکہ بورخیس اپنا ادبی عمل جاری رکھ سکے اور یہی ادب مجھے حق بجانب ثابت کرتا ہے۔ مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی باق نہیں کہ اس نے کچھ تحریری صفت ضرور حاصل کرلی ہے لیکن یہ تحریریں مجھے نہیں بچا سکتیں وہ شاید اس لئے کہ جو کچھ "اچھا” ہے وہ تو کسی کے پاس نہیں حتٰی کہ اس کے (یعنی اس دوسرے کے) پاس بھی نہیں البتہ زبان اور روایت میں ضرور موجود ہے۔ بہرحال، نابود ہونا لازماً میرے مقدر میں ہے اور ہوسکتا ہے میری ذات کا تھوڑا سا حصہ اس میں زندہ رہ جائے۔ میں اس تھوڑا تھوڑا کرکے ساری تشکیلات کی زمین (بنیاد) فراہم کررہا ہوں اگرچہ میں اس کی چیزوں کو ردّ کرنے یا بڑھا چڑھا کر بیان کرنے کی ٹیڑھی عادت سے بھی واقف ہوں۔ سپونزا کا خیال تھا کہ ساری چیزیں اپنی چطرت کے مطابق رہنا پسند کرتی ہیں۔ ایک پتھر ہمیشہ پتھر اور ایک شیر ہمیشہ شیر ہی رہنا پسند کرتا ہے۔ میں اپنی ذات میں نہیں (یہ فرض کرتے ہوئے کہ میں بھی کوئی ایک ہوں) بلکہ بورخیس میں زندہ رہوں گا، تاہم میں اس کی کتابوں میں کم لیکن ایک گٹار پر بجائی جانے والی پیچیدہ دھنوں یا، دوسری چیزوں میں بہتر طور پر اپنے آپ کو شناخت کر پاتا ہوں سالوں پہلے میں نے اس سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کی تھی اور میں خود کو مضافاتی اساطیر سے موڑ کر لامحدود فرصت کی تفریحات کی طرف لے گیا تھا لیکن اب چونکہ ان تفریحات کا تعلق بورخیس سے ہے اس لئے مجھے کسی اور چیز کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔ تو یہ ہے میری زندگی، ایک فرار اور میں ہر چیز کھودیتا ہوں اور ساری چیزوں کا تعلق ایک بھول سے یا "اُس” سے ہے۔
میں نہیں جانتا کہ ہم دونوں میں سے کون یہ صفحہ لکھ رہا ہے۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2107053002858555