ایک کہانی کا سفر ۔ ۱
” دی گفٹ آف دی مئجاے“
(قیصر نذیر خاور )
عالمی ادب کے شائقین جسے’ او ، ہنری‘ کے نام سے جانتے ہیں اس کا اصلی نام ولیم سڈنی پورٹر تھا اور وہ 11 ستمبر 1862 ء کو امریکہ کی ریاست ’ نارتھ کیرولینا ‘ کے شہر’ گرینزبرو ‘ میں پیدا ہوا تھا ۔ یہ شائقین اس کی دیگر تصانیف کے علاوہ اس کی کہانی ” دی گفٹ آف دی مئجاے“ سے بھی بخوبی واقف ہیں ۔ او ، ہنری ان معدودے چند لکھاریوں میں سے ایک ہے جس کی کہانیوں کو بار بار فلمایا گیا اور وہ فنون لطیفہ کی دیگر اصناف پر بھی اثر انداز ہوئیں ۔
” دی گفٹ آف دی مئجاے“ اس کی کہانیوں میں سے سب سے قد آور کہانی ہے جسے فنون لطیفہ خصوصاً ” فلم“ ،” تھیئٹر و اوپیرا“ اور” موسیقی “ کے راستے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے سو سال سے اوپر ہو گئے ہیں ۔
یہ کہانی پہلی بار ’دی نیویارک سنڈے ورلڈ ‘ میں دسمبر1905ء میں شائع ہوئی تھی ۔ جبکہ او، ہنری کی کہانیوں کی کتاب ” دی فور ملین ” کی زینت یہ اپریل 1906 ء میں بنی تھی ۔
سینما کا آرٹ اُس وقت ابھی گھٹنوں کے بل چل رہا تھا لیکن یہ کہانی ڈیوڈ وارک گرفتھ (D.W. Griffith) کی نظر میں آئی اور اس نے’ او، ہنری‘ سے اسے فلم سکرپٹ میں ڈھالنے کو کہا ۔ یوں یہ کہانی کتاب کے پنوں سے باہر نکل کر سلور سکرین کی زینت بنی ۔ سات منٹ کی یہ خاموش فلم ” دی سیکریفائز“ (The Sacrifice) کے نام سے جنوری 1909ء میں جب مزاحیہ فلم ” اے رورل ایلوپمنٹ “ (A Rural Elopement) کے ہمراہ نمائش کے لئے پیش ہوئی تو ساتھ ایک انقلاب سا لے آئی کہ سنجیدہ ادب فلم کے آرٹ کا کس عمدگی سے ساتھ دے سکتا ہے ۔
امریکہ سے میلوں دور بیٹھا سینٹ پیٹرزبرگ ، روس کا ہدایت کار ” Vyacheslav Viskovsky “ بھی اس کہانی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا ۔ اس نے اسے اپنی فلم ” لو’ز سرپرائیزز آر فیوٹائل ” (Love’s Surprises Are Futile) کی کہانی بنا ڈالا ۔ اس کی یہ فلم فروری 1916 ء کو روسی شائقین سینیما کے لئے پیش ہوئی ۔
نیو یارک ، امریکہ کے ہدایت کار برنسلے شاء نے1916 ءمیں اس کہانی کو اس کے اپنے ہی نام سے بنایا جسے پردے کے لئے کیتھرین ایس ریڈ نے سکرپٹ میں ڈھالا تھا ۔ یہ فلم اپریل 1917ء میں نمائش کے لئے پیش ہوئی ۔
انیس سو پچاس کی دہائی شروع ہوئی تو مشہور فلم کمپنی” ٹوینٹیتھ سینچری فوکس“ نے پروڈیوسر آندرے حاکم (André Hakim) کو او،ہنری کی پانچ کہانیوں پر مبنی” او ہنری’ز فل ھاﺅس“ بنانے کے لئے کہا ۔ آندرے نے پانچ مختلف ہدایت کاروں سے یہ فلم بنوائی جس میں ” دی گفٹ آف دی مئجاے” بھی شامل تھی جسے ہنری کنگ نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ ” او ہنری’ز فل ھاﺅس“ میں اس وقت کے پُلزر انعام یافتہ ادیب ’جان سٹائنبیک‘ نے ان پانچ فلموں کا آن۔ کیمرہ تعارف کروایا تھا ( بعد میں اس نے 1962 ءکا نوبل انعام برائے ادب بھی حاصل کیا تھا ) یہ فلم ستمبر1952 ءمیں ریلز ہوئی ۔
فلم کے ساتھ ساتھ اب ٹی وی کی چھوٹی سکرین بھی گھروں میں در آئی تھی ۔ ولسن لہر (Wilson Lehr) نے اسے ٹیلی پلے میں منتقل کیا اور یوں یہ کہانی جارج شیفر (George Schaefer) کی ہدایت کاری میں سلور سکرین سے نکل کر گھروں میں ٹی وی سکرین پر 1958 ء میں دیکھی گئی ۔
1970 ءکی دہائی شروع ہونے پر پولش ہدایت کار ”Walentyna Maruszewska “نے او ہنری کی اس کہانی کو اپنی ٹیلی فلم ” ڈیری میجو” (DARY MAGÓW) میں ڈھالا ۔
1978 ءکا سال اس کہانی کے لئے زیادہ اہم رہا ۔ زمانہ اور آگے بڑھ چکا تھا اور ٹی وی کا میڈیم اور بھی توانا ہو گیا تھا ۔ ہدایت کار’ ڈان چیفے‘ (Don Chaffey) نے اس کہانی کو ٹیلی پلے میں ڈھالا ۔ یہ دسمبر1978 ءکو ٹی وی کی چھوٹی سکرین پر پیش ہوا ۔ یہ ٹیلی پلے 1909کی ” دی سیکریفائز“ کے سکرپٹ پر ہی بنایا گیا تھا جسے او ،ہنری نے خود اپنی کہانی کو فلم کے لئے ڈھالا تھا ۔ ’سیسمی سٹریٹ ‘ کے ’ جون سٹون ‘ نے” کرسمس ایو اون سیسمی سٹریٹ “ میں بھی اس کہانی کا اثر لیا ۔ سوویت فلمساز بھی پیچھے نہ رہے اور اسے مزاحیہ ٹیلی فلم” آئی ول ناٹ بی اے گینگسٹر ، لو “ (I will not be a gangster, Love) کی کہانی میں شامل کر دیا ۔ یہ فلم او ،ہنری کی دیگر کئی کہانیوں سے بھی ماخوذ تھی ۔
1996 ء میں ایک اور ٹیلی فلم ”او ہنری’ز کرسمس“ کے نام سے بنائی گئی جس میں اس کی تین کہانیاں برتی گئی تھیں ان میں سے ایک” دی گفٹ آف دی مئجاے “بھی تھی۔
1999 ء میں’ والٹ ڈزنی ہوم ویڈیو ‘ نے صدی کی الودعی کرسمس کے موقعے پر مِکی ماﺅس کے کردار کے حوالے سے جو فلم ” مِکی’ز ونز اپون اے کرسمس“ بنائی تو اس کی تین کہانیوں میں سے ایک ” دی گفٹ آف دی مئجاے “ پر ہی مشتمل تھی ۔
بیسویں صدی ختم ہوئی ، وقت کا اڑن کھٹولا ابھی اس صدی کا پہلا سال ہی لے کر نمودارہ وا تھا کہ جرمن نژاد ہدایت کار’ برٹ وان بورک‘ (Bert Van Bork) نے اسے اس کے اپنے ہی نام سے بیس منٹ کی مختصر فلم کی نئی شکل دے دی ۔ یہ فلم” انسائکلوپیڈیا برٹینیکا“ چھاپنے والوں کا وہ تحفہ تھا جو انہوں نے اکیسویں صدی کی آمد پر اپنے قارئین کے لئے پیش کیا تھا ۔
2004 ء میں کہانی کو شائع ہوئے 99 برس بیت چکے تھے ۔ ہندوستان کے جوان سال بنگالی فلم ڈائریکٹر ’رتوپرنو گھوش‘ نے ’ اوشا گنگولی‘ کے ساتھ مل کر ” دی گفٹ آف دی مئجاے ” کو ہندی میں ایک نیا روپ ”رین کوٹ “ کے نام سے دیا اور اس سکرپٹ کو اپنی فلم ” رین کوٹ” کی زینت بنایا ۔ یہ اس کی پہلی ہندی فلم تھی ۔ او ،ہنری کی اس کہانی کا یہ ایک بہت ہی خوبصورت ’ ورتن‘ تھا ۔ جِم اور ڈیلا کے کردار مانو اور ینرو میں ایک ندرت سے ڈھلے ۔ ’ رین کوٹ ‘ نے آگے فلمساز و ہدایت کار ’میثاق کاظمی ‘ کو متاثر کیا اور اس نے اپنی فلم ” تھرو ہر آئیز“ (Through Her Eyes) کی کہانی لکھی اور فلم کو 2007 ء میں ریلیز کیا ۔
” دی گفٹ آف دی مئجاے “ کا سفر مزید چلا اور اس کاگہرا اثر آئرش بینڈ ” دی سکرپٹ“ کی میوزک ویڈیو ” فار دی فسٹ ٹائم “ پر بھی نظر آتا ہے جو 2010ء میں منظر عام پر آئی تھی (ولیم سڈنی پورٹر قلمی نام او ، ہنری کا صد سالہ یوم وفات 5 جون 2010 ء کو منایا گیا تھا ) ۔
اوپیرا اور تھیئٹر پر اس کہانی کے اثرات الگ ہیں ۔ میوزک پر اس کے اثر کی ایک جھلک تو آپ دیکھ ہی چکے ہیں ۔ او ، ہنری کی کہانی ” دی گفٹ آف دی مئجاے“ کا سفر کب تک جاری رہے گا اسکی گواہی تو وقت ہی دے سکے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تصویر میں کہانی کے اردو نام میں ‘ میگی’ غلطی سے لکھا گیا ھے ۔ اصل میں یہ "مئجاے” ھے یعنی کہانی کا درست نام ” دی گفٹ آف دی مئجاے” ھے ۔ کچھ لوگ اسے ” دی گفٹ آف دی میجے“ بھی پروناوٗنس کرتے ہیں ۔
"مئجاے” (Magi) لفظ میجس (Magus) کی جمع ہے ۔ یہ لاطعینی زبان کے الفاظ ہیں جن کی اوریجن یونانی زبان ہے ۔ میجس اس شخص کو کہتے ہیں جو فارس میں رائج عقائد میں عالم یا پادری کہلاتا تھا ۔ ” مئجاے ” سے مراد وہ تین عالم ہیں جو مشرق سے ایک روشن ستارے کی راہنمائی میں بیتیھلم ( یسوع مسیح عیلہ اسلام کی جائے پیدائش ) گئے تھے اور بی بی مریم کو یسوع مسیح کی پیدائش کی مبارک باد دیتے ہوئے لوبان ، سونے کی انگوٹھی اور مقدس تیل کے تحائف پیش کئے تھے ۔ مسیحی مذہب میں یہ رواہت خاص اہمیت رکھتی ہے اور کرسمس کے تہوار سے جُڑی ہوئی ہے ۔
او ۔ ہنری نے مئجاے کا لفظ اس روایت سے لیا ہے جو میگی نام سے غلط العام ہے ۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2107046586192530

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔