پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیر بدرؔ ہم کو کافی ہیں یہی حلقۂ زنجیرِ سُخن جا…

بشیر بدرؔ

ہم کو کافی ہیں یہی حلقۂ زنجیرِ سُخن
جاؤ مِل جُل کے تمھیں بانٹ لو جاگیرِ سُخن

وارثِ ملکِ غزل روئے تو رو لینے دو!
غسلِ اشکیں سے ہُوا کرتی ہے تطہیرِ سُخن

زندگی رات ہے، اور رات بھی بیمار کی رات
درد بن بن کے چمکتی رہے تنوِیرِ سُخن

گفتگو جیسے، کہِیں دُور غزل گائے کوئی
خاموشی، جیسے کہ لب کھولے ہو تصوِیرِ سُخن

ظبط کے دھار سے کٹ جاتا ہے آہن کا جِگر
لوگ پُھولوں پہ رواں کرتے ہیں شمشیرِ سُخن

ہم بھی آئینہ صفت تھے کبھی، لیکن اب تو!
اپنے ماتھے پہ اُبھر آئی ہے تحریرِ سُخن

ہم جو مِٹ جائیں گے، مِٹ جائے گی تہذیبِ غزل
اپنی تقدِیر میں، پوشِیدہ ہے تقدِیرِ سُخن

واہ واہ کیسی مِیاں! آہ بھی کرنی ہو محال
واقعی سینے میں لگ جائے اگر تِیرِ سُخن

بدرؔ! ہر فرد کو اِنسان نہیں کہہ سکتے
بدرؔ! ہر شعر میں ہوتی نہیں تاثیرِ سُخن

ڈاکٹر بشیر بدرؔ