بت خانہ توڑ ڈالئے مسجد کو ڈھائیے
دل کو نہ توڑیئے یہ خدا کا مقام ہے
….
بڑا شور سنتے تھے پہلو میں دل کا
جو چیرا تو اک قطرۂ خوں نہ نکلا
….
خواجہ حیدر علی آتش کی وفات
January 14, 1846
آج اردو کلاسکی شاعری کے نامور استاد شاعر خواجہ حیدر علی آتش کا یومِ وفات ہے۔
خواجہ حیدر علی آتش 1778 کو فیض آباد میں پیدا ہوئے، ان کے والد نواب شجاع الدولہ کے عہد میں دلی چھوڑ کر فیض آباد آئے تھے، کم سنی ہی میں باپ کا سایہ سر سے اٹھ گیا، باقاعدہ تعلیم سے محروم رہے، مناسب عمر کو پہنچے تو فیض آباد کے نواب مرزا محمد تقی کی ملازمت اختیار کی اور انھیں کے ساتھ لکھنٶ آئے، یہاں انہوں نے مصحفی کی شاگردی اختیار کی، طبیعت ایسی تیز تھی کہ بہت جلد بڑے شاعروں کی صف میں آگئے، آتش کے چمکتے ہی لکھنٶ کے ادب شناس آتش اور ناسخ کے طرف داروں میں بٹ گئے، محمد حسین آزاد کے بقول دونوں میں ادبی معرکے بھی ہوئے لیکن یہ معرکے تہذیب کے دائرے میں رہے۔ چشمک کے باوجود آتش اور ناسخ ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے،
آتش کی شاعری بنیادی طور پر لکھنٶ کے اسی انداز پر مبنی ہے جس کو ناسخ نے رواج دیا تھا۔ لیکن اس میں تصوف اور درویشی کی چنگاریاں بھی بجا ملتی ہیں۔
چہار شنبہ 25 محرم الحرام ھ بمطابق 14جنوری 1846ء کی صبح کو خواجہ حیدر علی آتش اپنے مکان مسکونہ واقع معالی خاں کی سرا متصل نالہ چھجورنگریز میں فوت ہوۓ محلہ نخاس کنگھی والوں میں دفن ہیں، نشان قبر موجود ہے۔
بہت سے لوگوں نے خواجہ حیدر علی آتش کی وفات پہ بہت اچھی اچھی تاریخیں لکھیں مگر رشک کی تاریخ سے واقعہ، دن، تاریخ، وقت نیز اخلاق و سیرت پر بھی روشنی پڑتی ہے.
قطعہ ملاحظہ ہو:
خواجہ و آتش تخلص، نام شاں حیدر علی
صبح روز چار شنبہ بود، مردند از قضا
رشک صوری معنوی بنوشت تاریخ وفات
از محرم بست و پنجم صبح، ہے ہے اربعا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔