ایک مرتبہ ایک مسافر خاتون جدہ سے ملتان واپسی کی پرواز پر کہنے لگیں
‘پتر، روٹی ڈیونڑ آلی ریڑھی کڈھنڑ آسی’۔
(‘بیٹا، کھانے والی ریڑھی کب آئے گی’)۔
کچھ لمحے تو میں اس اچانک سوال پر انہیں اور ان کے آس پاس موجود مسافروں کو دیکھتا رہا۔ پھر فوراً مجھے سمجھ آیا کہ وہ دراصل سروس ٹرالی کے بارے میں پوچھ رہی ہیں۔ لہٰذا میں نے ان کو جواب دیا کہ
‘ماں جی ہنڑیں گھن تے آندا پیاں اے ڈو منٹاں اچ’۔
(ماں جی ابھی لے کر آ رہا ہوں دو منٹ میں)۔
پھر ایک صاحب ناراض ہو رہے تھے کہ بیت الخلا میں وہ سسٹم کیوں نہیں جو ہمارے گاؤں میں ہے۔ میں نے جان کی امان پاتے ہوئے عرض کی کہ عالم پناہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر کھیت کھلیان کا انتظام کہاں سے کروں اور یہ سہولت دینے کا وعدہ تو ٹکٹ دیتے ہوئے کمپنی نے بھی آپ سے نہیں کیا تھا۔ کہنے لگے وہ زمانے چلے گئے میاں، ہم بھی ماڈرن ہوگئے ہیں لیکن جس طرح بیٹھ کر ہم معاملات حل کرتے ہیں ویسا نظام جہاز پر موجود نہیں۔ ہم اس طرح بیٹھ کر مسائل حل نہیں کرسکتے۔ میں نے حسبِ معمول معذرت کی گردان دہرا کر ان کو شکایت داخل دفتر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
یہ تو پہلی مرتبہ جہاز میں سفر کرنے والوں کا قصہ تھا۔ کافی مرتبہ سفر کرنے والوں کو بھی اوّل تو نشان دہی کرنے کے باوجود بیت الخلا کا دروازہ نہیں ملتا۔ مل جائے تو اندر کے معاملات سمجھ نہیں آتے۔
ایک صاحب باہر آکر کہنے لگے بھائی اندر ‘فلیش’ نہیں چل رہا۔ میں نے ان کو دبی زبان میں سرزنش کی کہ ایسے کام اچھے لوگوں کو زیب نہیں دیتے۔ ہم نے اندر فلیش جیمر تھوڑی لگائے ہوئے ہیں۔ اپنے موبائل کیمرے کو چیک کریں شاید کوئی گڑبڑ ہو۔ وہ بوکھلا گئے اور پریشانی میں مادری زبان بولنے لگے تو معلوم ہوا کہ پریشان ہیں کہ اگر ان کے بعد کوئی مسافر اندر گیا تو ان کے مال غنیمت کا نظارہ باعثِ تکلیف نہ بنے۔ پھر ان کو بتایا کہ جس پنچائیت میں آپ فیصلہ کرکے آئے ہیں اسی کے اوپر ایک نیلے رنگ کا بٹن ہے جس پر ‘دبائیے’ لکھا ہوا ہے۔ اس کو دبانے سے ‘فلیش’ کی بجلی کوندے گی اور آپ کا مسئلہ حل ہو جاوے گا۔
کتاب "ہوائی روزی” سے اقتباس
خاور جمال۔




Source