ایک زمین
محسنؔ نقوی
مقبول عامرؔ
عبّاس تابشؔ
۔۔۔۔۔
محسنؔ
اِک موجہءِ صہبائے جُنُوں تیز بہت ہے
اِک سانس کا شِیشہ ہے کہ لبریز بہت ہے
کُچھ دِل کا لہُو پی کے بھی فصلیں ہُوئیں شاداب
کُچھ یُوں بھی زمیں گاؤں کی زرخیز بہت ہے
پلکوں پہ چراغوں کو سنبھالے ہُوئے رکھنا
اِس ہِجر کے موسم کی ہَوا تیز بہت ہے
بولے تو سہی جُھوٹ ہی بولے وہ بَلا سے
ظالِم کا لَب و لہجہ دِلآویز بہت ہے
کیا اُس کے خدوخال کُھلیں اپنی غزل میں
وہ شہر کے لوگوں میں کم آمیز بہت ہے
محسنؔ اُسے ملنا ہے تو دُکھنے دو یہ آنکھیں
کُچھ اور بھی جاگو کہ وہ شب خیز بہت ہے۔۔۔!
۔۔۔۔۔
عامرؔ
ہاں کُچھ تو مِزاج اپنا جُنُوں خیز بہت ہے
اور کُچھ یہ رہءِ عِشق دِلآویز بہت ہے
مرنے کے لیے تیشہءِ فرہاد ہے کافی
جِینے کے لیے حیلہءِ پرویز بہت ہے
اب کے نہ کوئی قصر نہ اَیوان بچے گا
اب کے جو چلی ہے وہ ہَوا تیز بہت ہے
آنکھوں میں دِیے دِل میں سِتارے ہیں فَروزاں
ورنہ یہ شبِ تار غم انگیز بہت ہے
کُچھ بزم کے آداب بھی ملحُوظ تھے اُس کو
اور کُچھ وہ مِزاجاً بھی کم آمیز بہت ہے
تُم رنگ ہو خوشبُو ہو ذرا دھیان میں رہنا
صحرائے محبّت کی ہَوا تیز بہت ہے۔۔۔!
۔۔۔۔۔
تابشؔ
ہر چند تِری یاد جُنُوں خیز بہت ہے
مَیں جاگ رہا ہُوں کہ ہَوا تیز بہت ہے
کیوں کر نہ مِرے تن سے چھلک جائے خموشی
پیمانہءِ جاں ضبط سے لبریز بہت ہے
کیا کوہءِ گراں ٹھہرے تِری راہ گُزر میں
اے حُسن تِری ایک ہی مِہمِیز بہت ہے
اِک چاند کی کشتی ہی نہیں ڈُوبنے والی
ورنہ وہ سمندر تو بلا خیز بہت ہے
گُلدان سے لگتے ہی بِکھر جاتی ہے تِتلی
گویا یہ رگِ سنگ بھی خُوں ریز بہت ہے
پلکوں پہ کوئی پُھول نہیں ہے تو عجب کیا
کہنے کو تو مٹّی مِری زرخیز بہت ہے
تُم خود سا سمجھ کر نہ اُسے ہاتھ لگانا
وہ خاک کا پُتلا ہی سہی تیز بہت ہے
دھرنا ہے کہِیں تو یہ گراں بارئ خاطِر
زانُو جو نہیں سر کے لئے میز بہت ہے
کیا ہے جو کٹورے کے بھی پیراک نہیں ہم
جینے کو تو یہ حیلہءِ تبریزؒ بہت ہے
تابشؔ جو گُزرتی ہی نہیں شام کی حد سے
سوچیں تو وہِیں رات سَحَر خیز بہت ہے۔۔۔!

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔