ایک زمین
داغؔ دہلوی
میلا رام وفاؔ
۔۔۔۔۔
داغؔ
جب وہ بُت ہم کلام ہوتا ہے
دِل و دِیں کا پیام ہوتا ہے
اُن سے ہوتا ہے سامنا جِس دِن
دُور ہی سے سلام ہوتا ہے
دِل کو روکُوں کہ چشمِ گریاں کو
ایک ہی خُوب کام ہوتا ہے
آپ ہیں اور مجمعِ اغیار
روز دربار عام ہوتا ہے
زِیست سے تنگ ہیں نہ چھیڑ ہمیں
دیکھ غُصّہ حرام ہوتا ہے
لیجے موسیٰ سے لن ترانی کی
اب تو ہم سے کلام ہوتا ہے
داغؔ کا نام سُن کے وہ بولے
آدمی کا یہ نام ہوتا ہے۔۔۔!
۔۔۔۔۔
وفاؔ
صُبح ہوتا ہے شام ہوتا ہے
خُونِ ناحق مُدام ہوتا ہے
پھیر لیتے مُنھ حقارت سے
یہ جوابِ سلام ہوتا ہے
کہتے ہو آپ کا یہاں کیا کام
عرضِ غم بھی تو کام ہوتا ہے
خوف آتا ہے جِن کو مرنے سے
اُن کا جِینا حرام ہوتا ہے
جِینے والے بھی مر ہی جاتے ہیں
مرنے والوں کا نام ہوتا ہے
کیا کلام اُس کی خوش نصیبی میں
جِس سے تُو ہم کلام ہوتا ہے
آمد آمد ہے اے وفاؔ کِس کی
آج کیا اِہتِمام ہوتا ہے۔۔۔!

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔