پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکبری اقبال ” عام لوگ شاعرانہ انداز سے بے خبر ہوت…

اکبری اقبال
” عام لوگ شاعرانہ انداز سے بے خبر ہوتے ہیں ان کو کیا معلوم کہ کسی شاعر کی داد دینے کا بہترین طریق یہ ہے کہ اگر داد دینے والا شاعر ہے تو جس کو داد دینا مقصود ہو اس کے رنگ میں شعر لکھے یا با الفاظِ دیگر اس کا تتبع کر کے اس کی فوقیت کا اعتراف کرے ۔
مکتوبِ اقبال بنام
اکبر الہ آبادی
16 جولائ 1914ء

انجمن حمایتِ اسلام کے انتیسویں سالانہ جلسے (1914ء) کے لۓ جس کی صدارت نواب ذوالفقار علی خان صاحب نے کی تھی اقبال مصروفیات کی بنا پر کچھ نہ لکھ سکے تھے لیکن اراکینِ انجمن کے بے حد اصرارپراپنے کچھ خیالات کو منظوم فرمایا اور جلسہ میں پڑھنے سے پہلےفرمایا کہ "یہ چند پکوڑے ہیں جو پبلک کی ضیافتِ طبع کے لۓ پیش کرتا ہوں ۔ بعض تازے اور بعض تو ان میں چوبیس گھنٹہ کے تلے ہوۓ ہیں۔ مگر بعد ان پکوڑوں کے ایک لقمۂ تر بھی ہوگا ۔”
اور اس جلسہ میں پڑھا ہوا کلام ‘ اکبری اقبال ‘ کے نام سے خواجہ حسن نظامی کے دیباچہ کے ساتھ 1923ء میں شائع ہوا ۔ اس میں پندرہ قطؑعات اور ایک نظم شامل ہے ۔ ان میں سے ایک قطعہ فارسی میں ہے ۔
ان میں سے چھ حسبِ ذیل قطعات بانگِ درا میں شامل نہیں ہیں اور
لقمۂ تر ‘ خطاب بہ جوانانِ اسلام ‘ کے نام سے شامل ہے ۔ بانگِ درا کے حصۂ ظریفانہ میں انتیس قطعات شامل ہیں
انساں ہوۓ مہذب لیکن مزہ تو جب ہے
جنگل میں کہہ رہی تھی ہاتھی سے یہ ہتنی
” تقریر کو کھڑی ہو۔ کلو میاں کی بیوی
پردھان ہو سبھا میں بنسی کی دھرم پتنی

ہر محکمے میں عہدے تقسیم ہوں برابر
ہوتی نہیں ہے ہم کو جنگ و جدل سے سیری
خفیہ پولس میں جب سے حد ہوگئ ہے قائم
ہندو ہیں پیڈ افسر ۔ مسلم ہیں آنریری

کہی اچھی نقیبِ انجمن نے
وہ سمجھے گا اسےجو کارداں ہے
خدا واحد ہے دو ناظم ہیں اپنے
دو عملی میں ہمارا آشیاں ہے

دستور تھا کہ ہوتا تھا پہلے زمانہ میں
ملا کا ، محتسب کا ، خدا کا نبی کا ڈر
دو خوف رہ گۓ ہیں ہمارے زمانہ میں
مضمون نگار بیوی کا ، سی آئ ڈی کا ڈر

وفاداراں سہ قسم اند ، از بدائ
زبانی اند و نانی اند و جانی
زبانی راز منصب عزتے دہ
زینے بر سرِنہرِ بنانی
اگر باغی بخواند دیگراں را
بباید ز آستاں اورابرانی
دگر ذوقِ ملاقاتِ تو دارد
جوابش دہ بلفظِ لن ترانی
وفادارانِ جانی را بدست آر
اگر خواہی ز جانی جاں ستانی

جنابِ شیخ کو پلواؤخاص لندن کی
عجیب نسخہ ہے یہ خود فرامشی کے لۓ
ہمارے حق میں تو جینا بدتر ہے مرنے سے
جو زندہ ہیں تو فقطآپ کی خوشی کے لۓ
ہوا میں جینے سے بیزار جب تو فرمایا
"کہاں سے لاؤگے بندوق خود کشی کے لۓ”

——————————
کلیاتِ اقبال مرتبہ عبدالرزاق تقریبا بانگِ درا کے ساتھ ہی حیدرآباد دکن سے شائع ہوئ تھی اس میں ‘ نکات ‘ کے عنوان سے چھتیس قطعات شامل ہیں ۔ لیکن ان میں سترہ ایسے ہیں جو بانگِ درا میں شامل نہیں ہیں ۔
1 گاندھی سے ایک روز یہ کہتے تھے مالوی
کم زور کی کمند ہے دنیا میں نارسا
نازک یہ سلطنت صفتِ برگِ گل نہیں
لے جاۓ گلستاں سے اڑا کر جسے صبا
گاڑھا ادھر ہے زیبِ بدن اور زرہ ادھر
صر صر کی رہ گزار میں کیا عرض تو بتا
پس کر ملے گا گردِ رہِ روزگار میں
دانہ جو آسیا سے ہوا قوت آزما
بولا یہ بات سن کے کمال وقار سے
وہ مرد پختہ کار و حق اندیش و با صفا
خارا حریف سعئ ضعیفاں نمی شود
صد کوچہ است در بِن دنداں خلال را
زمیندار ا3 نومبر 1921ء

2 اتنی خدمت کی ہے خلق اللہ کی
دیکھیۓ ہوتے ہیں کب سر مالوی
مسلمِ ناداں کو کیا معلوم ہے
کس خدا کے ہیں پیمبر مالوی
خوب تھا یہ خالصہ جی کا بچن
کب ہے گاندھی کے برابر مالوی
مردِ میداں گاندھی درویش خو
اور کونسل کے سپیکر مالوی

3 پٹی خوب جمن کے ہاتھوں نصیبن
گئ عرس میں اور شب بھر نہ آئ
نہیں بار صاحب کے ٹیبل پہ اس کو
پڑی روپ بسکٹ کا دھارے خطائ
خدا کی زمیں تھی مزارع نے جوتی
کمائ مگر چودھری جی نے کھائ

4 جان جاۓ ہاتھ سے جاۓ نہ ست
ہے یہی ایک بات ہر مذہب کا تت
چٹے بٹے ایک ہی تھیلی کے ہیں
ساہوکاری بسوہ داری سلطنت

5 عمل عاشقوں کے ہیں بے طور سارے
نہیں اس کمیٹی کا کوئ اجنڈا
تمہیں ہند سرمایہ دارو مبارک
سلامت رہے مجھ کو فیجی یوگنڈا
میں ڈنڈے پہ شاکر تو انڈے پہ راضی
میرا پیر ڈنڈا تیرا پیر انڈا

6 انساں ہوۓ مہذب لیکن مزہ تو جب ہے
جنگل میں کہہ رہی تھی ہاتھی سے یہ ہتنی
” تقریر کو کھڑی ہو۔ کلو میاں کی بیوی
پردھان ہو سبھا میں بنسی کی دھرم پتنی
بیاض سوم

7 ہر محکمے میں عہدے تقسیم ہوں برابر
ہوتی نہیں ہے ہم کو جنگ و جدل سے سیری
خفیہ پولس میں جب سے حد ہوگئ ہے قائم
ہندو ہیں پیڈ افسر ۔ مسلم ہیں آنریری
بیاض سوم

8 ہی اچھی نقیبِ انجمن نے
وہ سمجھے گا اسےجو کارداں ہے
خدا واحد ہے دو ناظم ہیں اپنے
دو عملی میں ہمارا آشیاں ہے
تمدن اکتوبر 1914ء بیاض سوم

9 جنابِ شیخ کو پلواؤخاص لندن کی
عجیب نسخہ ہے یہ خود فرامشی کے لۓ
ہمارے حق میں تو جینا بدتر ہے مرنے سے
جو زندہ ہیں تو فقطآپ کی خوشی کے لۓ
ہوا میں جینے سے بیزار جب تو فرمایا
"کہاں سے لاؤگے بندوق خود کشی کے لۓ”
بیاض سوم

10 بخت مسلم کی شبِ تار سے ڈرتی ہے سحر
تیرگی میں ہے یہ شب دہدۂ آہو کی طرح
ہے اندھیرے میں فقط مولوی صاحب کی نمود
بن کے شمس العلما چمکے ہیں جگنو کی طرح
زمانہ جنوری 1915ء

11 دستور تھا کہ ہوتا تھا پہلے زمانہ میں
ملا کا ، محتسب کا ، خدا کا نبی کا ڈر
دو خوف رہ گۓ ہیں ہمارے زمانہ میں
مضمون نگار بیوی کا ، سی آئ ڈی کا ڈر

12 اخبار میں یہ لکھتا ہے لندن کا پادری
ہم کو نہیں ہے مذہبِ اسلام سے عناد
لیکن وہ ظلم ننگ ہے تہذیب کے لۓ
کرتے ہیں ارمنوں پہ جو ترکانِ بد نہاد
مسلم بھی ہوں حمایتِ حق میں ہمارے ساتھ
مٹ جاۓ تا جہاں سے بناۓ شر و فساد
سن کر یہ بات خوب کہا شاہنواز نے
بلی چوہے کو دیتی ہے پیغامِ اتحاد

12 لندن کے چرخ نادرہ فن سے پہاڑ پر
اترے مسیح بن کے محمد علی جناح
نکلے گی تن سے تو کہ رہے گی بتا ہمیں
اے جانِ بر لب آمدہ اب تیری کیا صلاح
دل سے خیالِ دشت و بیاباں نکال دے
مجنوں کے واسطے ہے یہی جادۂ فلاح
آغا امام اور محمد علی ہے بابؔ
اس دین میں ہے ترک سوادِ حرم مباح
بشریٰ لکم کہ منتظر ما رسیدہ است
یعنی حجابِ غیبتِ کبریٰ رسیدہ است
یہ قطعہ کلیات باقیاتِ اقبال میں شامل نہیں ہے ۔ اس کے سیاق و سباق اور اس پر ہوئ تنقید پر پھر بات کریں گے۔

14 دل شمع صفت عشق سے ہو نور سراپا
اور فکر یہ روشن ہوکہ آئینہ ہے گویا
نیکی ہو ہر اک فعل میں نیت کی ہویدا
ہر حال میں ہو خالقِ ہستی پہ بھروسا
ایسی کوئ نعمت تہہ افلاک نہیں ہے
یہ بات جو حاصل ہو تو کچھ باک نہیں ہے

15 ہند کی کیا پوچھتے ہو اے حسینانِ فرنگ
دل گراں ہمت سبک ووٹر فزوں روزی تنک
بے ٹکٹ بے پاس بھارت کی سیاسی ریل میں
ہوگیا آخر مسیتا بھی مع اسباب بک
"لک ودن ” کا حکم تھا اس بندۂ اللہ کو
اب یہ سنتے ہیں نکلنے کو ہے ” مسلم اوٹ لک”
کیا عجب پہلے ہی لیڈر میں یہ کردے آشکار
کس طرح ” آیا ” کو لے کر اڑ گیا صاحب کا "کک ”
ختم تھا مرحوم اکبرؔ پر ہی یہ رنگِ سخن
ہر سخنور کی یہاں طبعِ رواں جاتی ہے رک
قافیہ اک اور بھی اچھا تھا لیکن کیا کریں
کر دیا متروک دلی کے زباں دانوں نے ٹک

16 ہر زائرِ چمن سے یہ کہتی ہے خاکِ باغ
غافل نہ رہ جہاں میں گردوں کی چال سے
سینچا گیا ہے خونِ شہیداں سے اس کا تخم
تو آنسوؤں کا بخل نہ کر اس نہال سے

17 ہہت آزمایا ہے غیروں کو تو نے
مگر آج ہےوقتِ خود آزمائ
نہیں تجھ کو تاریخ سے آگہی کیا
خلافت کی کرنے لگا تو گدائ
خریدیں نہ جس کو ہم اپنے لہو سے
مسلماں کو ہے ننگ وہ بادشاہی
مرا از شکستن چناں عار ناید
کہ از دیگراں خواستن مو میائ
———————————
باقیات
اس میں تیس متروکات ملتے ہیں
1
دار السلطنت دہلی
ہو گیا زخمِ دل بنگال آخرمندمل
وہ جو تھی پہلے تمیزِ کافر و مومن گئ
تاجِ شاہی یعنی کلکتے سے دلی آگیا
مل گئ بابو کو جوتی اور پگڑی چھن گئ
بیاض اول
2
اک ینگ پارٹی ہے اس انجمن میں ایسی
داناۓ انجمن بھی ، نادانِ انجمن بھی
یہ عرض ہے جنابِ نواب سے کہ جن سے
قائم یہ انجمن ہے اور شانِ انجمن بھی
کالج کے نوجواںجو بگڑے تھے بن گۓ ہیں
محتاجِ مشورت ہیں پیرانِ انجمن بھی
بیاض سوم
3
کچھ یونیورسٹی میں ڈوبا جو باقی تھا بلقان گیا
کیا تم سے کہیں اپریل میں جلسہ سالانہ بھی آتا ہے
پر جیب ہماری خالی ہے اب چندوں سے کچھ کام نہیں
ہاں گاہے بگاہے بہرِ بقایا لیگ کا وی پی آتا ہے
بیاض سوم
4
اقبال نے مزاج جو پوچھا تو شیخ نے
موزوں کیا یہ شعر زبانِ سلیس میں
نیلام خرقہ ثندۂ ٹرکی کے واسطے
عمامہ رہنِ مدرسہ بیٹون کی فیس میں
بیاض سوم
5
اغراضِ مختلف کی ہے پیکار ہند میں
ہر قوم پاۓ بندِ رسوم و قیود ہے
ممکن نہیں کہ صلح ہو انجن کے دور مین
نقصان یکہ بان کا گھوڑے کا سود ہے
بیاض سوم
6
مضمون انوکھے بنگالی اخباروں مین چھپواتے ہیں
سرکار رعیت پرور ہے کیوں ناحق شور مچاتے ہیں
ہے خوب صفائ شہرون کی اور پارک بھی بنتے جاتے ہیں
گو پیٹ میں اپنے خاک نہیں پر تازہ ہوا تو کھاتے ہیں 2
بیاض سوم
7
اسمِ اعظم کا وہ ذکرِ صبح گاہی اب کہاں
شیخ کے دل میں اگر کچھ ہے تو حبِ جاہ ہے
ذکرِ حق ، مسلم کے گھر سے ہوگیا رخصت مگر
ایک طوطے کی زباں پر پاک ذات اللہ ہے
بیاض سوم
8
جامع و مانع کوئ تعریفِ مسلم چاہیۓ
ذہن میں میرے اصولِ منطق و قانون ہے
فوجداری میں تو ہوتا ہے عموماً مستغیث
ہو تنازع کوئ دیوانی تو وہ مدفون ہے
بیاض سوم
9
ممکن نہیں کہ ایک ہی بازار میں چلیں
ہم سکے اور دھات کے ، وہ اور دھات کے
مخلوط انتخاب سے ہے نا امید ہند
پابند یاں کے ووٹ بھی ہیں چھوت چھات کے
بیاض سوم
10
یوں مسئلہ زباں کا حضرت نے حل کیا
پوچھا جو میں نے کوئ طریقہ بتایۓ
” پنجابی گھر میں بولیۓ ، اردو اسٹیج پر
سینسس کے کاغذات میں ہندی لکھایۓ
بیاض سوم
11
انسان نے سینکڑوں جم و دارا کیۓ پسند
کچلا اسے جنہوں نے عذابوں کے بوجھ سے
دریاۓ ہست و بود کی رفتار ہے وہی
دبتی ہے سظحِ آب حبابوں کے بوجھ سے
بیاض سوم
12
دونوں پہ منحصر نہیں کونسل کی ممبری
عہدہ ہے یہ جدید ، جدید امتحان ہے
ہے شیخ کم زباں تو برہمن زباں دراز ہے
اس بات میں وہ جیتے گا جو کم زبان ہے
بیاض سوم
13
آساں ہے اب تو ہندو مسلم کا اتحاد
کعبے کو پھر شریف نے بتخانہ کردیا
جوشِ جنوں میں آج سنادی پتے کی بات
تو نے کمال اے دلِ دیوانہ کردیا
کہتا تھا کوئ یونیورسٹی کے ہال میں
” ڈگری دلا کے دین سے بیگانہ کر دیا ”
بیاض اعجاز ڈسمبر 1919ء
14
باہر ہوۓ جاتے ہو کیوں جامے سے
پوچھو کسی پنڈت سے نہ علامے سے
میں تم کو بتاتا ہوں یونیورسٹی کیا ہے
پتلون کی تکرار ہے پاجامے سے
اوراقِ گم گشتہ

بے سلطنت قوم یا جسم بر روح
ہے قوم جسم سلطنت اس میں ہے مثلِ روح
جب یہ نہیں تو قوم نہیں بلکہ لاش ہے
سعی شغالو گرگ سے جنبش ہوئ اگر
نافہم سمجھے قوم میں خود انتعاش ہے
البتہ زندگانی شخصی کا ہے وجود
قانون میں ہر اک کے لۓ زندہ باش ہے
پیمانۂ ہاۓ ساختۂ شاہِ وقت پر
محدود طالبین کی فکرِ معاش ہے
بے علم مذہبی کے ہیں اخلاق نا درست
اس کی خرابیوں سے تو دل پاش پاش ہے
کچھ خاک میں ملیں گے تو کچھ ہونگے جزوِ غیر
یہ مسئلہ صحیح ہے گو دلخراش ہے
اپنی یہ احتیاط کہ بوسے پہ اکتفا
اس پر بھی یہ عتاب کہ تو بدمعاش ہے
زمانہ کانپور جولائ 1920ء

اکبری رنگ میں اقبال کے قطعات بانگِ درا میں انتیس ، اکبری اقبال میں چھ اور کلیاتِ اقبال مرتبہ عبد الرزاق میں سترہ اس طرح جملہ باون ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ کلیات باقیاتِ اقبال مرتبہ صابر کلوری میں مزید قطعات ملتے ہیں ۔ اس طرح اس رنگ مین اقبال کے جملہ قطعات کی تعداد سرسٹھ ہوجاتی ہے ۔
یہ قطعات 1914ء سے 1926ء تک کہے گۓ ہیں ۔

ایکس شاعر کے فرضی نام سے بھی کچھ نظمیں لکھی تہیں ۔ یہ نظمیں جن کا عمومی انداز طنزیہ اور مزاحیہ ہے اقبال کی اس کشمکش کو ظاہر کرتی ہیں ایک طرف تو وہ قائدِ اعظم کے حکم سے یونینسٹ پارٹی کو مسلم لیگ میں ضم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور دوسری طرف اس پارٹی کے بعض لیڈروں کی منافقت کا پردہ بھی چاک کرنا چاہتے ہیں ۔ اقبال کی ان بارہ غیر مدون نظموں میں اتحادیوں اور قادیانیوں پر چوٹیں کی گئ ہیں متداول کلام میں ان کا کوئ نمونہ موجود نہیں ہے ۔
ڈاکٹر صابر کلوری کلیات باقیاتِ اقبال

میرزا محمود اور سر فضل حسین
سامنے دونوں کے ہے دین و سیاست کی بساط
لاۓ ہیں دونوں کھلاڑی اپنی اپنی کعبتین
نقطۂ فاۓ فرنگی سے ہے دونوں کی کشود
یہ وہی نقطہ ہے جس سے عین ہوجاتا ہے غین
انتشارِ ملتِ بیضا ہےدونوں کی غرض
متحد کیوں کر نہ ہوں محمود اور فضل حسین
لذت و حرکت سے گو محروم ہیں دونوں مگر
نحوِ انگلش میں روا ہے التقاۓ ساکنین
یہ ہواۓ قادیاں تھی یا ہواۓ کہسار
بجھ گئ افسوس بیچارے ظفر کی لالٹین
اب حریمِ قادیاں میں ہے بٹالہ بھی شریک
لازم آیا مولوی پر سجدہ سوۓ قبلتین
احسان اخبار

پنچ ہزاری نبی
محمود نے چھیڑا جو نبوت کا فسانہ
کہنے لگا سر فضل کا اک تازہ حواری
کھانے کو میسر تھا نہ پینے کو میسر
اللہ کے نبیوں نے یونہی عمر گزاری
اللہ سے بہتر ہے خداوندِ فرنگی
ہر صوبے میں ہیں جس کے نبی پنچ ہزاری
احسان اخبار
come to me
سوۓ کہسار اڑ گیا مولوی
بڑے بول نے جب کہا ” کم ٹو می ”
کوئ مفتئ شہر سے پوچھتا
یہ کفرِ خفی ہے کہ شرکِ جلی
” مر او رارسد کبریا و منی
کہ ملکش قدیم استو ذاتش غنی ”
مگر سادگی سے یہ سمجھا ظفر
کہ نوشیدنی ہے بٹالے کی ٹی
احسان اخبار
اتحاد پارٹی
زباں و بیاں ہر دو نا بالغانہ
سِول کے مضامیں ہیں ‘ نور احمدانہ ”
ابھی تازہ پرواز ہیں اتحادی
مناسب ہے ان کے لۓ ” آشیانہ ”
کوئ یونین کے جواں ممبروں کو
سنادے مرا نکتۂ عارفانہ
ق
کہ چوہوں کو غفلت مناسب نہیں ہے
طریقے ہیں بلی کے گو راہبانہ
بٹالے میں بھی رنگ ہے قادیاں کا
کہ ہے ” کم ٹو می ” کی ندا ملہمانہ
مسلماں مانگیں کلیسا سے فتویٰ
مؤحد چلیں جادۂ مشرکانہ
مری کشتِ ویراں کو اللہ کافی
کہ بادل برستے ہیں بے ” آبیانہ
الٹ دے گا کون اس بساطِ کہن کو
زمانہ زمانہ زمانہ زمانہ
احسان اخبار
اتحاد پارتی پر چراغ حسن حسرت کی ایک فکاہی نظم بہت مشہور اور مقبول ہوئ تھی
لا الہ الا فرنگی
ہوگئ ہے مادیانِ قادیاں اس پر سوار
اب کہاں ہے وہ سوارِ مادیانِ قادیاں
التوا کیوں اس قدر اس کی اشاعت میں ہوا
ٹیچی ٹیچی نے اڑالی ” ارمغاںِ قادیاں
لو فرنگی کی اولوالامری سے باز آیا "پسر”
کس قدر بدلے زمین و آسمانِ قادیاں
خیر اب پنجاب کی مجھ کو نظر آتی نہیں
ہے بٹالے کے گلے میں ریسمانِ قادیاں
اس قدر پنجاب میں بامِ وزارت ہے بلند
چور چڑھتے ہیں لگاکر نردبانِ قادیاں
لاٹ سے روڑھے، گۓ پنڈت کے استقبال کو
دیکھ کس روزن سے نکلا ہے دمانِ قادیاں
نیشنل کور و طواف شملہِ و منع جہاد
خود غلام احمد نہ سمجھا چیستانِ قادیاں
لا الہ الا فرنگی ، کلمئہ دینِ بروز
"الفرنگی اکبر” آوازِ اذانِ قادیاں
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

اتحادی
بوڑھے ووٹر نے کہااپنے جواں بیٹے سے
” یہی بندےہیں خداوندِ فرنگی کو پسند
ہم فقط اشترک و گاؤ و خر و برہو میش
اتحادیہیں گورنر کی سواری کے سمند ”
سن کے بیٹے نے کہا ” آپ بجا کہتے ہیں
مرتبے ان کے ہیں سرکار کے نزدیک بلند
جھول زربفت کی بخشی ہے فرنگی نے انہیں
میرے تہبند میں ہیں ایک نہیں سو پیوند
خواجگی ان کی مسلم ہےزمانے میں مگر
” خواجگانند کہ ناں از کفِ مزدور برند
احسان اخبار

ایک مکالمہ
اتحادی
دین و مذہب سے نہیں اپنی سیاست کو غرض
سارے پنجاب کی بہبود ہے اپنا مقصود
کفر و دین اگلے زمانے کی سخن سازی ہے
ہیں سبھی ایک کہ ہے سب کا فرنگی ہپے معبود
راجہ نرندر ناتھ
وہی دیڑھ اینٹ کی مسجد ، وہی محرابِ کہن
وہی دیرینہ امام اور وہی ذوقِ سجود
وہی چھوٹو کے چھٹیے ، وہی سر فضل حسین
” اندریں چشمِ ہماں آبِ رواں ہست کہ بود ”
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

احرار اور اتحادِ ملت
ذرا سن لو بزرگانِ بہم آویز کے قصے
بڑے لوگوں کے اشغالِ عداوت بیز کے قصے
ادھر نا گفتنی ، احرار کی مسجد سے بیزاری
ادھر اک عقدۂ مشکل ہیں دستاویز کے قصے
ادھر ہے خالصہ جی کی رضا جوئ کے افسانے
ادھر ایماۓ فتنہ خواہیِ انگریز کے قصے
یہ کہتے ہیں غلط ہے آپ کا دعوۓ فرہادی
سناتے ہیں ادھر وہ حیلۂ پرویز کے قصے
یہ کہتے ہیں مسلمانوں کو مسجد مل نہیں سکتی
عبث ہیں سب یہ تحریکِ جنوں آمیز کے قصے
یہ کہتے ہیں تمہاری عافیت کوشی ہے غداری
ڈراتے ہیں تمہیں سکھوں کی تیغِ تیز کے قصے
مریضِ قوم کو یہ ڈاکٹر نسخہ نہیں دیتے
انڈیلے جارہے ہیں کان میں پرہیز کے قصے
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

سوراج کا خوف
کہتا ہے یہ اڑ جاۓ گی ہندو کی ثقافت
ڈرتا ہے وہ لٹ جاۓ گی مسلم کی شرافت
اندیشہ اسے یہ ہے کہ مٹ جاۓ گی ہندی
اردو پہ ، اسے فکر ہے ، آجاۓ گی آفت
یہ ٹام کی ٹوپی کو کہے رام کی چھتری
انگریز کے ساۓ میں بناۓ وہ خلافت
چنتا ہے ” مسیتا ” بھی اسی خوان کے ریزے
جس خوان پہ کھاتا ہے ” تلا رام ” ضیافت
ایماۓ فرنگی ہوتو مسکین ہیں دونوں
آپس کا جو قصہ ہو تو کچھ رحم نہ رافت
قوموں کو لڑانے میں ہے لیڈر کی ترقی
پیشہ ہے جو پرچار تو بیوپار صحافت
ایوانِ تمسخر ہے مسلماں کا تدبر
ہندو کی سیاست ہے کہ دکانِ ظرافت
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

اتحادی حکومت کی مثلث
ادھر یونین نے سکندر نکالا
ادھر ہندوؤں نے نرندر سنبھالا
وہاں خالصہ جی کی محفل تو دیکھو
جگندر کی لو نے کیا ہے اجالا
توقع دلاتی ہے تجنیسِ خطی
مثلث یہ بن جاۓ گی لا محالا
کہا میں نے اے نکتہ رس اتحادی
دوارا ہو مکتب ہو یا پاٹھ شالا
کھلے گا اگر تو گورنر کے ہاتھوں
پڑا ہے غلامی کا ان سب پہ تالا
گلے میں اٹک جاۓ گا بن کے کانٹا
وزارت کا عہدہ نہیں ترنوالا
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

دیوتا سروپ بھائ پرمانند جی
ڈرتے نہیں ہیں استری جاتی کے قہر سے
دیوی پروف بن گۓ ہیں دیوتا سروپ
ہندو کی رگ میں خونِ شجاعت ہے موجزن
گویا وہ دال چھوڑ کے پینے لگا ہے سوپ
بھائ جی ہوگۓ کسی آسیب کا شکار
سلگائیں آکے مالوی ہندو سبھا کی دھوپ
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

اتحاد پارتی اور منصبِ وزارت
چودھری سر شہاب الدین جو پہلےاسپیکر تھے انہیں وزیرِ تعلیم بنادیا گیا ۔
پنجاب میں ہوتی ہے مناصب کی تجارت
لو آج صدارت ہوئ قربانَ وزارت
وہ ” تین ہزاری ” تھا یہ ہے ” پانچ ہزاری ”
دی چودھری صاحب کو سکندر نے بشارت
عہدوں کے لۓ لڑتے ہیں سر فضل کے پیرو
محنت کہیں مرحوم کی جاۓ نہ اکارت
جس طرح سے ممکن ہو جماعت کو بچاؤ
سودا وہ کرو جس میں نہ ہو بیمِ خسارت
کس ڈھنگ پہ نازاں ہو تماے یونینسٹو
اک جھونکے میں اڑ جاۓ کی کاغذ کی عمارت
ہے ملک سے اور قوم سے کیا تم کو سروکار
جب تم کو نچاتی ہے فرنگی کی اشارت
پنجاب کی تقدیر کے مالک ہیں وہ جن کو
نے دیں کی بصیرت ہے نہ دنیا کی بصارت
احسان اخبار بحوالہ ڈائری میاں عبدالرشید

—————————
بانگِ درا میں شامل اس قطعہ کا ایک شعر خارج کردیاگیا تھا
مشرق میں اصولِ دین بن جاتے ہیں
ہندی ناداں ہیں کہ چلاتے ہیں
یورپ سے برابری کی ٹہراتے ہیں
——-
گاۓ اک روز ہوئ
جان بل ہانکتا ہے ایک ہی لاٹھی سے ہمیں
یعنی ہے یک جہتی اس کی حکومت کا شعار
—————————
لقمۂ تر
خطاب بہ جوانانِ اسلام
کبھي اے نوجواں مسلم! تدبر بھي کيا تو نے
وہ کيا گردوں تھا تو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا
تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوش محبت ميں
کچل ڈالا تھا جس نے پائوں ميں تاج سر دارا
تمدن آفريں خلاق آئين جہاں داري
وہ صحرائے عرب يعني شتربانوں کا گہوارا
سماں ‘الفقر فخري’ کا رہا شان امارت ميں
”بآب و رنگ و خال و خط چہ حاجت روے زيبا را”
گدائي ميں بھي وہ اللہ والے تھے غيور اتنے
کہ منعم کو گدا کے ڈر سے بخشش کا نہ تھا يارا
غرض ميں کيا کہوں تجھ سے کہ وہ صحرا نشيں کيا تھے
جہاں گير و جہاں دار و جہاں بان و جہاں آرا
اگر چاہوں تو نقشہ کھينچ کر الفاظ ميں رکھ دوں
مگر تيرے تخيل سے فزوں تر ہے وہ نظارا
تجھے آبا سے اپنے کوئي نسبت ہو نہيں سکتي
کہ تو گفتار وہ کردار ، تو ثابت وہ سےارا
گنوا دي ہم نے جو اسلاف سے ميراث پائي تھي
ثريا سے زميں پر آسماں نے ہم کو دے مارا
حکومت کا تو کيا رونا کہ وہ اک عارضي شے تھي
نہيں دنيا کے آئين مسلم سے کوئي چارا
مگر وہ علم کے موتي ، کتابيں اپنے آبا کي
جو ديکھيں ان کو يورپ ميں تو دل ہوتا ہے سيپارا
‘غني! روز سياہ پير کنعاں را تماشا کن
کہ نور ديدہ اش روشن کند چشم زليخا را
علامہ اقبالؒ نے مزاح کو مستقل طور پر اختیار نہیں کیا بلکہ اکبر الٰہ آبادی سے متاثر ہو کر اس میدان میں قدم رکھا۔ دونوں میں فنی مماثلتیں تو کم ہیں لیکن فکرو نظر کی وحدت اور مقاصد کا اشتراک انھیں قریب کر دیتا ہے۔ اقبال نے جلد ہی ظرافت کی راہ کو خیر باد کہہ دیا لیکن ان کے کلام میں طنز کی کیفیت رچ بس گئی۔
فرما رہے تھے شیخ طریقِ عمل پہ وعظ
کفّار ہند کے ہیں تجارت میں سخت کوش
مشرک ہیں وہ جو رکھتے ہیں مشرک سے لین دین
لیکن ہماری قوم ہے محرومِ عقل و ہوش
ناپاک چیز ہوتی ہے کافر کے ہاتھ کی
سن لے اگر گوش مسلماں کا حق نیوش!
اک بادہ کش بھی وعظ کی محفل میں تھا شریک
جس کے لیے نصیحتِ واعظ تھی بارِ گوش!
کہنے لگا ستم ہے کہ ایسے قیود کی
پابند ہو تجارتِ سامانِ خورد و نوش
میں نے کہا کہ ’’آپ کو مشکل نہیں کوئی
ہندوستاں میں ہیں کلمہ گو بھی مے فروش‘‘ !
ڈاکتر وزیر آغا نے اپنے مقالہ ‘طنز و مزاح ‘ میں لکھا ہے
"سنجیدگی و ظرافت کا یہ امتزاج اقبال کی شاعری کا امتیازی نشان ہے وہ کہیں کھلکھلا کر نہیں ہنستے لیکن ایک تبسم زیرِ لب کے ساتھ زندگی کی نا ہمواریوں کو اجاگر کر کے چلے جاتے ہیں ۔ خدا سے شکوہ کرتے وقت ، ابلیس اور انسان کی فطرت کی نقاب کشائ کرتے ہوۓ ، ملا کی سرشت پر چوٹ کرنے کے دوران وہ کہیں بھی ظرافت کو سستی جذباتیت کے حعالہ نہیں کرتے بلکہ ایک مفکر کے دھیمے تبسم کی رفاقت میں پیش کرتے اور حیرت انگیز طور پر کامیاب ہو جاتے ہیں ۔
غلام فرقت کاکوروی نے اقبال اور اکبر الہ آبادی کا موازنہ اپنی کتاب اردو میں طنز و مزاح میں کیا ہے ۔
اکبر اور اقبال کے طنز میں وہی فرق ہے جو ایک مفکر اور غیر مفکر کی طبیعتوں میں ہوتا ہے ، اکبر کے یہاں تلخی اور تمسخر ہے مگر اقبال کے طنز میں ایک مصلح اور ریفارمر کی اولوالعزمی ہے ۔ اقبال کے طنز مین ہمدردی اور دلسوزی ہے ۔ وہ بنیادی کمزوریون کی طرف توجہ کرتے ہیں ان کے طنز مین پیام بھی ہے مگر اکبر کے یہاں کوئ پیغام نہیں ملتا ۔”

—————————————
ڈسمبر 1920ء میں کانگریس کا سالانہ اجلاس ناگپور میں ہوا ۔ اس کی صدارت وجے راگھوا چاری نے کی ، اس اجلاس میں ترکِ موالات پر گاندھی جی کا ریزولیشن پاس کیا گیا جس کی مخالفت محمد علی جناح نے کی جس پر ان پر شیم شیم کے نعرے بلند کیۓ گۓ ۔ جناح کانگریس سے نکل کر انگلینڈ چلے گۓ اور اکتوبر 1921ء میں واپس آۓ اور بمبئ میں مسلم لیگ کے احیاء کا اعلان کیا جس پر اقبال نے صداۓ لیگ کے نام سے ایک قطعہ لکھا جو 9 نومبر 1921ء کے زمیندار میں شائع ہوا ۔
————————————————
واہ سعدی ! دیکھ لی گندہ دہانی آپ کی
مہتروں میں خوب ہوگی قدردانی آپ کی
یہ نظم کلیات باقیاتِ شعرِ اقبال مرتبہ صابر کلوری شامل ہے اس پر کبھی تفصیل سے بات ہوگی ۔
—————————————-
بشکریہ وسیم سیّد