اظہر فراغ کا یومِ پیدائش سالگرہ کی مبارک August 31…
اظہر فراغ کا یومِ پیدائش
سالگرہ کی مبارک
August 31, 1980
پیدائش 31 اگست 1980۔ اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے خوبصورت لب و لہجے کے شاعر جناب اظہر امین جن کا قلمی نام اظہر فراغ ہے گزشتہ بارہ سال سے بہاولپور میں مقیم ہیں اور ایک این جی او میں اپنی ملازمت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور سے گرایجویشن کیا ۔ آپ پچھلے پندرہ سالوں سے باقاعدہ شاعری کر رہے ہیں ۔ آپ کا پہلا شعری مجموعہ 2007 میں "میں کسی داستان سے ابھروں گا” کے نام سے منظر عام پر آیا۔اور دوسرا شعری مجموعہ "ازالہ”2016 میں شائع ہوا۔
….
دیواریں چھوٹی ہوتی تھیں لیکن پردہ ہوتا تھا
تالے کی ایجاد سے پہلے صرف بھروسہ ہوتا تھا
کبھی کبھی آتی تھی پہلے وصل کی لذت اندر تک
بارش ترچھی پڑتی تھی تو کمرہ گیلا ہوتا تھا
شکر کرو تم اس بستی میں بھی اسکول کھلا ورنہ
مر جانے کے بعد کسی کا سپنا پورا ہوتا تھا
جب تک ماتھا چوم کے رخصت کرنے والی زندہ تھی
دروازے کے باہر تک بھی منہ میں لقمہ ہوتا تھا
بھلے زمانے تھے جب شعر سہولت سے ہو جاتے تھے
نئے سخن کے نام پہ اظہرؔ میرؔ کا چربہ ہوتا تھا