پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اپنی رحمت کے سمندر میں اُتر جانے دے بے ٹھکانہ ہُوں…

اپنی رحمت کے سمندر میں اُتر جانے دے
بے ٹھکانہ ہُوں ازل سے مُجھے گھر جانے دے

سُوئے بطحٰی لئے جاتی ہے ہوائے بطحٰی
بُوئے دُنیا مُجھے گمراہ نہ کر جانے دے

تیری صُورت کی طرف دیکھ رہا ہُوں آقاؐ
پُتلیوں کو اِسی مرکز پہ ٹھہر جانے دے

زِندگی گُنبدِ خضرٰی ہی تو منزِل ہے مِری
مُجھ کو ہریالیوں میں خاک بسر جانے دے

موت پر میری شہیدوں کو بھی رشک آئے گا
اپنے قدموں سے لِپٹ کر مُجھے مر جانے دے

خواہشِ ذات بہت ساتھ دیا ہے تیرا
اب جِدھر میرے مُحَمّدؐ ہیں اُدھر جانے دے

روک رِضواں نہ مظفؔر کو درِ جنت پر
یہ مُحَمّدؐ کا ہے منظورِ نظر جانے دے

(مظفرؔ وارثی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی