آپ دیکھیے ، آپ کے ساتھ کیسا ظلم ہو رہا ہے۔
ایران کی جن گ شروع ہونے کے بعد پوری دنیا میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے لیکن کہیں بھی ایسا ہوشربا اضافہ نہیں ہوا ، جیسا پاکستان میں ہوا ہے۔ مثال سے سمجھیے ، پاکستان میں ایران کی جنگ شروع ہونے کے بعد پٹرول کی قیمت دو سو چھیاسٹھ سے چار سو ساٹھ پہ پہنچ گئی ہے ، جو کہ تقریباً پچھتر فیصد اضافہ بنتا ہے۔ اب اگر باقی پوری دنیا میں دیکھیں تو تقریباً سب ممالک میں اوسطاً اضافہ فقط بیس سے تیس فیصد ہے۔
میں اس وقت یوکے میں ہون، یہاں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، کینیڈا میں یہ اضافہ تقریباً تئیس فیصد ہے۔ جرمنی میں پٹرول کی قیمت میں گیارہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ امریکہ ، جس نے یہ جنگ چھیڑی ہے ، وہاں بھی صرف اٹھائیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا ان ممالک میں سے ہے، جہاں اس جنگ کے بعد پیٹرول کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، لیکن وہاں بی اضافہ تقریباً چالیس فیصد ہے جبکہ پاکستان جیسے غریب ملک میں یہ اضافہ آسٹریلیا سے بھی دوگنا ہے، یعنی تقریباً پچھتر فیصد۔
اگر آپ اپنے پڑوسی ملک بھارت کو ہی دیکھ لیں تو وہاں پیٹرول کی قیمت میں کچھ زیادہ اضافہ نہیں ہوا لیکن ہماری حکومت جیسے لوگوں کو مارنے پہ تُل گئی ہے ، وہ قیمت ایسے بڑھا رہی ہے جیسے لوگوں نے درختوں سے پیسے توڑ کر قیمت ادا کرنی ہو۔
اصولی طور پہ یہ ہونا چاہیے تھا کہ پاکستان جیسے غریب ملک میں ، جہاں عوام پہلے ہی معاشی تنگی کی جنگ لڑ رہی ہے اور جینے کے لیے کئی قسم کی قربانیاں دے رہی ہے، وہاں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کم سے کم کرنے کی کوشش کی جاتی۔ حکومت اپنا ٹیکس کم کر دیتی، عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ فنڈ مہیا کر دیتی لیکن حیرت انگیز طور پہ بہت ہی ظالمانہ رویہ اپنایا گیا اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت نے دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ کر دیا۔ حیرت ہے کوئی اتنا ظالم کیسے ہو سکتا ہے، اتنا سفاک کیسے ہو سکتا ہے کہ مہنگائی میں پستی عوام کے گرد شکنجہ مزید تنگ کر کے انھیں بس مرنے کے لیے چھوڑ دے۔
سب سے پریشانی کی بات یہ ہے کہ جو قیمتیں بڑھ جائیں، وہ کم نہیں ہوتیں۔ پھر پیٹرول کی قیمت میں جتنا اضافہ کر دیا گیا ہے، حالات ٹھیک ہونے کے بعد کمی کی بھی گئی تو وہ اس کی نسبت معمولی سی ہو گی۔ یعنی یہ قیمتیں کچھ کم تو ہو سکتی ہیں لیکن پہلے والی سطح پہ نہیں آ سکتیں۔
پھر پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے صرف کرائے نہیں بڑھتے ، ہر چیز کی قیمت بڑھتی جاتی ہے، ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔ وہ چاہے آٹا ہو ، دالیں ہوں، دوائیاں ہوں یا سبزیاں، بچوں کا دودھ ہو ، ان کے پیمپر ہوں یا دنیا کی کوئی بھی چیز۔
معلوم نہیں عوام کیسے جیے گی، معلوم نہیں کتنے المیے رقم ہوں گے اور ان سب کا ذمہ اس حکومت کے سر ہو گا ، اس ظالم حکومت کے سر۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔ ڈاکٹر نوید خالد تارڑ ۔۔۔۔۔


Source