پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اپنا نعرہ بھی اناالحق ہے، مگر فرق یہ ہے ہم وہی بات…

اپنا نعرہ بھی اناالحق ہے، مگر فرق یہ ہے
ہم وہی بات با اندازِ دگر کہتے ہیں

شیخ نے جس کو دیا نامئہ اعمال کا نام
ہم گنہگار اسے دامنِ تر کہتے ہیں

طاق پر جس کے کبھی ایک دیا تک نہ جلا
ہم تو اُس گھر کو بھی اللہ کا گھر کہتے ہیں

کاش انساں کو شرر ہی کی چمک دے سکتے
زندگی کو جو فقط رقصِ شرر کہتے ہیں

رات جل اُٹھتی ہے جب شدّتِ ظلمت سے ندیم
لوگ اُس وقفئہ ماتم کو سحر کہتے ہیں
احمد ندیم قاسمی