اُجڑ اُجڑ کے سنورتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
نہ پوچھ کیسے گزرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
یہ برگ برگ اُداسی بکھر رھی ھے میری
کہ شاخ شاخ اُترتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
اُجاڑ گھر میں ، کوئی چاند کب اُترتا ھے
سوال مجھ سے یہ کرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
میرے سفر میں اک ایسا بھی موڑ آتا ھے
جب اپنے آپ سے ڈرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
بہت عزیز ھیں دل کو ، یہ زخم زخم رُتیں
انہی رُتوں میں نکھرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
یہ میرا دل ، یہ سراسر نگارخانۂ غم
سدا اُسی میں اُترتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
جہاں جہاں بھی ملیں ، تیری قربتوں کے نشاں
وھاں وھاں سے اُبھرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
یہ حادثہ ، تجھے شاید اُداس کر دے گا
کہ میرے ساتھ ھی مرتی ھے ، تیرے ھجر کی شام
”محسن نقوی“
بشکریہ
https://www.facebook.com/Inside.the.coffee.house

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔