پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افسانہ – ڈائریکٹر کا کٹانگریزی ٹائیٹل – Director…

افسانہ – ڈائریکٹر کا کٹ
انگریزی ٹائیٹل – Director's Cut
مصنف – ایٹگر کیرٹ
مترجم – اسماء حسین
میسک سمولانسکی ایک فلمساز، تاجر اور فلسفی تھا۔ لیکن سب سے بڑھ کر وہ کاملیت پسند تھا۔ یہ ہی وجہ تھی کہ کسی کو حیرت نہیں ہوئی جب اس نے اعلان کیا کہ اس کی نئی فلم " زندگی" میں انسانی زندگی کو لمحہ بہ لمحہ براہ راست تین کیمروں سے فلمبند کیا جائے گا۔ عکس بندی فلم کے کم گو ہیرو میتیعُش کروٹوچاوسکی کی پیدائش سے شروع ہوئی اور تہتر سال بعد اختتام پذیر ہوئی ۔ آخری منظر میں میتیعُش ،آخری درجے کا پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد، خود کو اپنے گھر کی بیسمنٹ میں پھانسی لگا کر ختم کر لیتا ہے ۔ اس منظر کے دوران سیٹ پر موجود ہر شخص کی آنکھ اشکبا ر تھی یہاں تک کہ ساونڈ ٹیکنیشنز کے مسلسل چپ ہو جانے کے اشارے بھی عملے کے آنسو نہیں روک سکے ۔
پوسٹ پروڈکشن میں مزید ایک سو چودہ سال صرف ہوئے اور اس پر کام شروع ہونے کے چند ماہ بعد ہی میسک بڑھاپے کے باعث مر گیا ۔ ساونڈ ایڈیٹینگ مزید چھیانوے سال جار ی رہی ، اس کے باوجود جب فلم ریلیز ہوئی تو سوشل میڈیا پر کئی شیکایات گردش کر رہی تھیں کہ فلم جلد بازی میں اور بے ڈھنگے پن سے بنائی گئی ہے۔
فلم کے پریمئیر پر ممتاز فلم نقادوں کو دعوت دی گئی اور جو چند ٹکٹ عوام کے لیے مختص کیے گئے تھے وہ بھی بے تحاشہ مہنگے داموں بلیک مارکیٹ میں فروخت ہوئے۔ وعدے کے مطابق پریمئیر تہتر سال طویل تھا۔ اختتام پر کریڈٹ کی فہرست چلنے اور روشنیاں کھول دینے کے بعد سینما ہال کے ملازمین کو ایک آدمی کے سوا تمام حاضرین مردہ حالت میں ملے ۔ زیادہ تر لاشوں میں سے سخت تعفن اٹھ رہا تھا۔ واحد زندہ رہ جانے والا گنجا اور ننگا ناظر سٹرتی ہوئی لاشوں کے درمیان اکیلا بیٹھا کسی بچے کی طرح سبکیاں بھر رہا تھا۔ جب اس کے آنسو گرنا بند ہوگئے تو وہ آنکھیں پونچھ کر کھڑا ہوا اور نشستوں کے درمیان سے باہر نکل آیا۔
یہ بوڑھا آدمی ایک مشہور فلم نقاد کا بیٹا تھا جو فلم دیکھنے بیٹھی تھی تو یہ تک نہیں جانتی تھی کہ وہ امید سے ہے ۔وہ فلم کی نمائش کے آٹھ ماہ بعد پیدا ہوا اور تاریک سینما کی اسکرین میں غرق بڑ ا ہوا ۔ جب وہ دروازے کھول کر باہر گلی میں نکلا تو سورج کی روشنی سے اس کی آنکھیں چندھیا گئیں ۔ درجنوں رپوٹرز نے تھیٹر کے باہر اس کے سامنے مائکروفون بڑھا دیئے اور پوچھا کہ فلم کے بارے میں اُ س کی کیا رائے ہے۔
"فلم؟" اس نے سورج کی روشنی کے آگے پلکیں جھپکاتے ہکلا کر کہا۔ وہ تو ابتداء سے فلم کو زندگی ہی سمجھ رہا تھا ۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2860924437471404