آغا حشر کاشمیری
سوئے مے کدہ نہ جاتے تو کچھ اور بات ہوتی
وہ نگاہ سے پلاتے تو کچھ اور بات ہوتی
گو ہوائے گلستاں نے مرے دل کی لاج رکھ لی
وہ نقاب خود اٹھاتے تو کچھ اور بات ہوتی
یہ بجا کلی نے کھل کر کیا گلستاں معطر
اگر آپ مسکراتے تو کچھ اور بات ہوتی
یہ کھلے کھلے سے گیسو انہیں لاکھ تو سنوارے
مرے ہاتھ سے سنورتے تو کچھ اور بات ہوتی
گو حرم کے راستے سے وہ پہنچ گئے خدا تک
تری رہ گزر سے جاتے تو کچھ اور بات ہوتی
……..
سید نصیر الدین نصیر
میرے ہوش یوں جو جاتے تو کُچھ اور بات ہوتی
وہ نظر سے مے پِلاتے تو کُچھ اور بات ہوتی
ہُوئیں جلوہ گر بہاریں کِھلے گُل چمن میں لیکن
وہ جو آ کے مُسکُراتے تو کُچھ اور بات ہوتی
میرا انجمن میں جانا کوئ اور رنگ لاتا
مُجھے آپ خود بُلاتے تو کُچھ اور بات ہوتی
اُنہیں کیا یہ بات سُوجھی مُجھے کِس لیۓ مِٹایا
غمِ آرزُو مِٹاتے تو کُچھ اور بات ہوتی
دمِ نزع لے کے پہنچا ہے پیام اُن کا قاصِد
وہ جو آپ چل کے آتے تو کُچھ اور بات ہوتی
کئی بار ہاتھ مُجھ سے وہ مِلا چُکے ہیں لیکن
جو نصیرؔ دِل مِلاتے تو کُچھ اور بات ہوتی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔