آذرؔ ہوں‘ مرے پاس ہے افکار کا شیشہ
پتھر کا بدن لے کے مری سمت نہ آؤ
اعزاز احمد آذر کا یومِ وفات
May 16, 2015
کیا خبر کون مجھے مار دے کافر کہہ کر
اب تو اس شہر کے ہر شخص سے ڈر لگتا ہے
25 دسمبر 1942ء کو بٹالہ (بھارت) میں پیدا ہونے والے اعزاز احمد آذر نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ‘ شیخوپورہ‘ فاروق آباد اور شاہدرہ میں حاصل کی۔ وہ لاہور میں ایمپریس روڈ پر واقع ایک سکول میں پڑھاتے بھی رہے۔ انہوں نے تین ایم اے کر رکھے تھے۔ اس کے علاوہ ایل ایل بی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ 1972ء سے 1974ء تک وہ وکالت کرتے رہے
اعزاز احمد آذر کے چند اشعار
حد امکاں سے بہت آگے نکل کر سوچنا
ایک قطرے کی طلب ہو تو سمندر سوچنا
۔۔۔
شام کی دہلیز سے شمعیں اٹھا کر لے گیا
کون ہے جو شہر کی رسمیں چرا کر لے گیا
لوگ پاگل ہو رہے تھے‘ بارشوں کی چاہ میں
اور جھونکا بادلوں ہی کو اڑا کر لے گیا
۔۔۔
دل کی گہرائی سے اٹھتا پیار ہی اچھا لگا
شہر سے لوٹے تو گائوں اور بھی پیارا لگا
….
آذرؔ ہوں‘ مرے پاس ہے افکار کا شیشہ
پتھر کا بدن لے کے مری سمت نہ آؤ
….
اے میرے عشق کو اِک کھیل سمجھنے والے
تو نے دیکھا نہیں خوشبو کو مجسم ہوتے
…….
اب عشق قضا پڑھنا تو واجب ہوا آذر
اشکوں سے نہیں خون جگر سے ہی وضو کر لو
……
تم تو تم ہو، جانِ تمنا! اور تمہارا ذکر ہی کیا
ہم تو پیار کریں اس سے بھی جو ہم نام تمہارا ہے
…..
صحبت شب تمہارے ساتھ رہی
آج کی صبح کتنی سندر ہے
…..
اشک بہتر ہے کہ بہہ جائیں وگرنہ آذر
کائی جم جائے گی اس ٹھہرے ہوئے پانی پر
……
میرے دوستو ، میرے ساتھیو، مجھے شہر سے کہیں لے چلو
میں اسیر حبس مدام ہوں، میں کھلی ہوا کا سفیر ہوں
………
اے فقیہہ شہر وہ کیا ہوئی، یہاں سب سے اہم جو چیز تھی
وہی جس پہ آپ کو ناز تھا، وہی جس کا نام ضمیر تھا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔