پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آج 13 فروری فیض احمّد فیض کا جنم دن ھے۔ فیض احمد…

آج 13 فروری فیض احمّد فیض کا جنم دن ھے۔

فیض احمد فیض بیسویں صدی کے اُن خوش قسمت شعراء میں سے ھیں جنہیں زندگی ھی میں بے پناہ شہرت ، مقبولیت ، عظمت اور محبت ملی ۔ انہوں نے دار و رسن کا مزہ چکھا اور کوچۂ یار کی رنگینیوں سے لطف اندوز بھی ھوئے۔

فیض نے جب شعور سنبھالا اور شعر کہنے شروع کیے تو اُس وقت رومانیت کی لہر آئی ھُوئی تھی ۔ جوش اور احسان دانش جیسے شعراء رُومانیت کے تحت تصّوراتی جنتوں کی تعمیر میں مگن تھے۔ ادبی روایت کو جگر ، اصغر ، حسرت اور داغ نے کندھا دے رکھا تھا۔ نظم نگاری کے بھیس میں اخترالایمان ، ن۔م۔راشد ، اور میراجی اپنی انفرادیت کی مُرلی بجا رھے تھے۔

مگر فیض نے محبت اور انقلاب کے ترانے بیک وقت گنگنائے ھیں فیض کا فنی کمال یہ ھے کہ انہو ں نے کلاسیکیت اور رُومانیت کو قالبِ شعر میں ڈھال کر ایک منفرد اُسلوب اور لہجہ تخلیق کیا ھے۔ فیض کے ھاں غمِ جاناں اور غم دوراں ایک ھی پیکر میں یکجا ھیں۔

فیض ندرتِ بیان سے قاری کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ھیں اور اُن کے کلام کا جتنا زیادہ مطالعہ کیا جائے نئے نئے خیالات و تصورات وا ھوتے جاتے ھیں.

آئیں اِس بے مثال شاعر کو اُن کا ھی کلام اس تھریڈ میں شئیر کر کے خراجِ عقیدت پیش کریں۔ شُروعات میں کیے دیتا ھُوں۔

اِس قدر پیا ر سے ، اے جان جہاں ، رکھا ھے
دِل کے رخسار پہ ، اِس وقت تری یاد نے ھات
یوں گماں ھوتا ھے ، گرچہ ھے ابھی صُبحِ فراق
ڈھل گیا ھجر کا دن ، آ بھی گئی وصل کی رات.

”فیض احمّد فیض“

بشکریہ
https://www.facebook.com/Inside.the.coffee.house