منتخب غزلیں

صد شعر اقبال- فارسی شارح- صوفی غلام مصطفی تبسم (00…

صد شعر اقبال- فارسی
شارح- صوفی غلام مصطفی تبسم
(001)
بے تو از خواب عدم چشم کشودن نتواں
بے تو بودن نتواں، با تو نبودن نتواں
( یہ شعر پیام مشرق کی ایک غزل سے لیا گیا ہے۔)
اقبال کا یہ شعر عجیب کیفیتوں کا حامل ہے۔ بظاہر بڑا سادہ لیکن پیچیدہ ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری میں سادگی اور پرکاری کے حسین امتزاج کی ایک حسین صورت ہمارے سامنے پیش کی ہے۔ پھر اس شعر کو، بلکہ شعر کے دوسرے مصرعے کو ایک لفظی معمہ بھی بنا دیا ہے۔ بے تو بودن اور با تو نبودن، کے الفاظ عجب الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ پہلے ذرا سادہ ترجمہ سنئے۔ خدا سے خطاب ہے۔
اے خدا! تیرے بغیر ہم عدم سے وجود میں نہیں آ سکتے۔ تیرے بغیر ہمارا وجود نا ممکن ہے اور تیرے ہوتے ہوئے ہمارا وجود نہ ہو یہ بھی نا ممکن ہے۔
دیکھا دوسرے مصرعے کے الفاظ کیسا گورکھ دھندا نظر آتے ہیں لیکن یہ کوئی لفظی شعبدہ بازی نہیں جیسا کہ ہمیں بعض قدیم اساتذہ کے شعروں میں نظر آتی ہے۔ لفظی شعبدہ بازی خوبصورت ضرور ہوتی ہے لیکن بے کیف اور بے جان ہوتی ہے۔
اقبال نے اس لفظی ہیر پھیر میں بڑے پتے کی بات کہی ہے۔ اور اپنے ایک اہم نظریہ حیات کی وضاحت کر دی ہے۔
صوفیائے کرام کا نظریہ ہے کہ خدا نے انسان میں اپنی صفات الٰہیہ جبلی طور پر ودیعت کی ہیں انسان کی زندگی کا مقصد یہ ہے کہ وہ ان صفات الٰہیہ کو بروئے کار لائے اور ان کی تکمیل میں پیہم کوشاں رہے جوں جوں یہ صفات تکمیل پذیر ہوں گی انسان خدا کے قریب تر ہوتا چلا جائے گا۔
یہاں تک اقبال ان بزرگو ں کا ہمنوا ہے لیکن اس آخری مقام پر آ کر وہ ان سے الگ ہو جاتا ہے۔
صوفیائ، انسانی ارتقا کی آخری منزل کو فنافی اللہ کا مقام قرار دیتے ہیں۔ لیکن اقبال کا نظریہ اس کے برعکس ہے۔ اس کے نزدیک، انسان کا اخلاقی اور روحانی ارتقا برحق لیکن اس ارتقا میں انسان اپنی انا کو کہیں نہیں کھو دیتا۔ وہ اپنی خودی کو برقرار رکھتا ہے۔
چنانچہ شعر میں کہتا ہے۔
ٹھیک ہے کہ خدا ہمارا خالق ہے۔ اس کے بغیر ہم وجود میں نہیں آ سکتے ۔ یہ بھی درست ہے کہ اگر وہ نہ ہو تو ہم بھی نہ ہوں لیکن یہ بھی نا ممکن ہے کہ ہم اس کے ساتھ ہوں اور اپنا وجود کھو بیٹھیں، اس سے ملیں اور ہم نہ رہیں ایسا نہیں ہو سکتا۔
اس کے وجود کے ساتھ ہمارا وجود سلامت رہے گا۔
جب کائنات معرض وجود نہیں آئی تھی، خدا موجود تھا اگر کائنات نہ بنتی تو پھر بھی اس کا وجود ہوتا لیکن درمیان میں انسان خلق ہوا اس کے وجود نے اس کائنات کی ہیئت بدل دی، اور یہ نکتہ منکشف ہوا کہ یہ سب کچھ اسی ہستی کی خاطر تھا۔
انسان کی آمد سے کیا کیا ہنگامے گرم ہوئے لیکن انہی ہنگاموں ہی میں تو انسان کی شان مضمر ہے۔
مرزا غالب نے اسی نکتے کو اپنے شوخ انداز میں یوں بیان کیا۔
نہ تھا کچھ تو خدا تھا، کچھ نہ ہوتا تو خدا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے، نہ ہوتا میں تو کیا ہوتا


Related Articles

2 Comments

  1. صوفی تبسم ادبی دنیا میں اس طرح بھی ممتاز ہیں کہ آپ نے جناب اسدؔ اللہ خان غالب رح کے بہت سے فارسی اشعار کا بےنظیر منظوم ترجمہ بھی کیا ۔۔۔علاوہ ازیں صوفی صاحب نے بچوں کے لئے بہترین "ادَب” تحریر کیا۔۔۔آپ کا تخلیق کردہ ایک کردار "ٹوٹ بٹوٹ” تو آج بھی بچوں کو ازبر ہے ٹوٹ بٹوٹ کے کردار میں صوفی صاحب نے بچوں کی تربیت کے بہترین تخیّلات تخلیق کئے۔ صوفی صاحب نے فارسی پوربی اور اردو کے انمٹ شاعر اور بزرگ طوطیءِہِند حضرَت امیر خسرو رح کی شاعری کو اردو کے بہترین قالب میں ڈھالا یہ اردو شاعری پی ٹی وی پہ سُربہار کے نام سے بہت دیر تک مشہور گلوکاروں نے پیش کی اس پروگرام میں جناب امیر خسرو رح کے حالات زندگی کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ منسلک ناقابِلِ فراموش واقعات سے بھی آگاہ کیا جاتا تھا۔ صوفی صاحب جب بھی گفتگو فرماتے وہ حکیم الامت حضرت علاّمہ اقبال رح سے پہلی ملاقات کا ایک واقعہ فخر سے سناتے ۔
    وہ ابھی زیرِ تعلیم تھے ان دنوں میں حضرَت علاّمہ کی شاعری ہر خاص و عام کو متوجہ کر رہی تھی۔۔صوفی صاحب بھی اندر ہی اندر جناب علاّمہ کے معتقد ہو چکے تھے حضرَت علاّمہ کی زیارت کا شوق جب بےچین کرنے لگا تو ایک بڑی شخصیت کی معیت میں حضرَت علاّمہ کے دولت خانے پہ جا پہنچے۔ یہ حضرت علاّمہ سے صوفی صاحب کی زندگی کی پہلی ملاقات تھی۔ صوفی صاحب کا تعارف جناب اقبال رح سے غلام مُصطفیٰ کے نام سے کروایا گیا علاّمہ نے نگاہیں اٹھائیں اور چونک کر دیکھا۔۔۔۔صوفی صاحب فرماتے ہیں کہ مَیں ان نگاہوں کی تاب نہیں لا سکا۔۔۔۔۔اور یہ حضرَت علاّمہ کی باوضو نگاہوں کا فیض ہے کہ صوفی غلام مُصطفیٰ تبسم آج بھی زندہ ہیں۔
    "افسوس تم کو مِیر سے صحبت نہیں رہی”۔۔۔۔۔
    جناب صوفی غلام مُصطفیٰ تبسم کے یہ اشعار آج بھی غلام علی خان کی آواز میں واقعی شوق سے سنے جاتے ہیں
    میرے شوق دا نئیں اعتبار تینوں ۔۔۔۔۔
    تحریر حکیم خلیق الرحمٰن

جواب دیں

Back to top button
تفکر ڈاٹ کام
situs judi online terpercaya idn poker AgenCuan merupakan salah satu situs slot gacor uang asli yang menggunakan deposit via ovo 10 ribu, untuk link daftar bisa klik http://faculty.washington.edu/sburden/avm/slot-dana/