پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہور الاسلام جاوید کی غزلیں — Zuhoor Ul Islam Javed Ghazals

ظہور الاسلام جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جتنی بھی تیز ہو سکے رفتار کر کے دیکھ (غزل)

جتنی بھی تیز ہو سکے رفتار کر کے دیکھ

پھر اپنی خواہشوں کو گرفتار کر کے دیکھ

دیوانہ ہے جنوں میں گزرتا ہی جائے گا

تو راستوں کو چاہے تو دیوار کر کے دیکھ

یوسف بھی ہے یہاں پہ زلیخائے وقت بھی

بس مصر کی سی گرمئ بازار کر کے دیکھ

اے محتسب روایت کہنہ کے نقش میں

تعمیر کرتا جاؤں گا مسمار کر کے دیکھ

شاید اسی میں سارے مسائل کا حل ملے

سردار ہے جو اس کو سر دار کر کے دیکھ

جاویدؔ گر ہے خواہش تسکین قلب و جاں

رخ اپنا جانب شہ ابرار کر کے دیکھ

کام ہیں اور ضروری کئی کرنے کے لئے (غزل)

کام ہیں اور ضروری کئی کرنے کے لئے

کون بیٹھا ہے ترے عشق میں مرنے کے لئے

رات گزرے ہوئے خوابوں کی ردا اوڑھے تھی

صبح تعبیر کے چلمن پہ بکھرنے کے لئے

ایستادہ تھے ستارے تری دہلیز کے ساتھ

چاند بے چپن تھا آنگن میں اترنے کے لئے

دست فن کار کی فن کاری کا عالم یہ ہو

نقش بے چپن ہو پتھر پہ ابھرنے کے لئے

کوئی منزل تو ملے آبلہ پائی کے طفیل

کوئی صورت تو بنے چہرہ سنورنے کے لئے

اس ہجوم کس و نا کس کو بھی جانا ہے کہیں

راستہ دیجئے اس کو بھی گزرنے کے لئے

مزید غزلیں از ظہور الاسلام جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں