ضیا زخمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس طرح کرب کی شدت کو چھپا رکھا ہے (غزل)
اس طرح کرب کی شدت کو چھپا رکھا ہے
میں نے پلکوں پہ تبسم کو سجا رکھا ہے
وہ مرے گھر کی طرف لوٹ کے آئے گا کبھی
بس اسی آس پہ اک دیپ جلا رکھا ہے
میں اندھیروں سے بھلا خوف بھی کھاتا کیسے
میرے ماں باپ نے تو نام ضیاؔ رکھا ہے
اور کیا دوں میں تجھے اپنی محبت کا ثبوت
تیرے قدموں پہ زمانے کو جھکا رکھا ہے
ہاتھ رسماً ہی ملایا تھا کسی سے میں نے
آسماں تم نے مگر سر پہ اٹھا رکھا ہے
کھوئے کھوئے ہوئے رہتے ہیں ہمیشہ آخر
تم نے کیا حال ضیا زخمیؔ بنا رکھا ہے
ابھی اپنے موافق ہی نہیں حالات ویسے بھی (غزل)
ابھی اپنے موافق ہی نہیں حالات ویسے بھی
وگرنہ اے ستم گر کیا تری اوقات ویسے بھی
نہیں میں ہاں کا پہلو بھی نظر آتا تو ہے لیکن
ہمارے بیچ حائل ہیں کئی خدشات ویسے بھی
گلہ کرتا بھی کیا غیروں سے ان کی بے وفائی کا
کہاں کم ہیں مرے اپنوں کے احسانات ویسے بھی
کسی بھی سمت سے سورج نکل آئے تو کیا حاصل
لکھی ہے اپنی قسمت میں اندھیری رات ویسے بھی
پشیماں کیوں نہ ہو آخر حسد والے ضیا زخمیؔ
تعارف کی کہاں محتاج تیری ذات ویسے بھی