ضیا کرناٹکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی گلہ نہ کوئی شکایت کریں گے ہم (غزل)
کوئی گلہ نہ کوئی شکایت کریں گے ہم
ظالم ترے خلاف بغاوت کریں گے ہم
اے رہبران قوم ہمیں چھوڑ جاؤ تم
خود اپنے قافلے کی قیادت کریں گے ہم
جاؤ تمہاری کوئی ضرورت نہیں ہے اب
اردو زباں کی خود ہی حفاظت کریں گے ہم
اوقاف کی زمیں کے محافظ بھی کہہ اٹھے
موقع ملا ہے اس میں خیانت کریں گے ہم
حق مانگنے کے واسطے ایوان جائیں گے
اپنی سنیں تو پھر نہ شرارت کریں گے ہم
قاتل ہمیں بھی قتل کرے تو کرے مگر
مظلوم کی ضرور حمایت کریں گے ہم
انجام کچھ بھی ہونے دو پروا نہیں ہے اب
ظالم کی اے ضیاؔ نہ اطاعت کریں گے ہم
شب کو دل کا زخم تازا ہو گیا (غزل)
شب کو دل کا زخم تازا ہو گیا
روتے روتے ہی سویرا ہو گیا
دے رہے ہو تم صدا اب کس لئے
شہر میں ہر شخص بہرا ہو گیا
جب خوشی ملنے لگی تو ساتھ ہی
اک نیا خدشہ بھی پیدا ہو گیا
کیوں نہ ہم تبدیل کر ڈالیں اسے
اب لباس زیست میلا ہو گیا
دوستوں کی غم گساری کے سبب
اپنی رسوائی کا چرچا ہو گیا
ہم نوا جتنے بھی تھے بد ظن ہوئے
لیجئے پھر میں اکیلا ہو گیا