پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذکیہ غزل کی غزلیں — Zakia Ghazal Ghazals

ذکیہ غزل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

امانت میں خیانت ہو رہی ہے (غزل)

امانت میں خیانت ہو رہی ہے

سلیقے سے تجارت ہو رہی ہے

نہیں محفوظ کوئی اپنے گھر میں

مگر گھر کی حفاظت ہو رہی ہے

سبھی کے خواب کی تعبیر غم ہے

تو پھر کس کو بشارت ہو رہی ہے

ہمیں نے خون سے سینچا وطن کو

ہمیں سے پھر شکایت ہو رہی ہے

کھڑے ہیں رہنما نیلام گھر میں

بہت ارزاں سیاست ہو رہی ہے

بظاہر مل رہے ہیں سب سبھی سے

مگر اندر بغاوت ہو رہی ہے

غزلؔ سچائی تو مہنگی پڑے گی

تجھے کیسے یہ عادت ہو رہی ہے

بس اک ذرا خیال ہمیں دوستی کا ہے (غزل)

بس اک ذرا خیال ہمیں دوستی کا ہے

ورنہ بہت ملال تری بے رخی کا ہے

تو بھی ہے زندگی میں کہیں ہے مجھے یقین

یا یہ بھی احتمال مری سادگی کا ہے

ہے آج جسم و جاں پہ تری یاد کی تھکن

اک خوف میرے دل کو کسی ان کہی کا ہے

واقف ہوں تیرے درد سے لیکن مرے حبیب

اب تو یہ مسئلہ بھی مری زندگی کا ہے

لب ہیں خموش ضبط سے لیکن یہ مسئلہ

آنکھوں میں تیری یاد سے پھیلی نمی کا ہے

رشتوں کے درمیان بہت مطمئن ہوں میں

اس زندگی میں درد تو تیری کمی کا ہے

یہ دن یہ شب یہ پھول سے موسم ترے بغیر

کیسے گزر رہے ہیں گلہ بس اسی کا ہے

مزید غزلیں از ذکیہ غزل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں