ذکی طارق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے مکاں میرے خواب ہونے لگے (غزل)
بے مکاں میرے خواب ہونے لگے
رت جگے بھی عذاب ہونے لگے
حسن کی محفلوں کا وزن بڑھا
جب سے ہم باریاب ہونے لگے
ہے عجب لمس ان کے ہاتھوں کا
سنگ ریزے گلاب ہونے لگے
اب پگھلنے لگے ہیں پتھر بھی
رابطے کامیاب ہونے لگے
میرا سچ بولنا قیامت تھا
کیسے کیسے عتاب ہونے لگے
ذکر تھا ان کی بے وفائی کا
آپ کیوں آب آب ہونے لگے
پر سکوں ہجر ساعتیں دیکھوں
وصل لمحے عذاب ہونے لگے
ہم بھی کہنے لگے ہیں رات کو رات
ہم بھی گویا خراب ہونے لگے
کچھ زباں سے نکل گیا تھا یوں ہی
کیوں خفا آں جناب ہونے لگے
اے ذکیؔ مجھ کو مل گئی معراج
میرے شعر انتخاب ہونے لگے
بھرے تو کیسے پرندہ بھرے اڑان کوئی (غزل)
بھرے تو کیسے پرندہ بھرے اڑان کوئی
نہیں ہے تیر سے خالی یہاں کمان کوئی
تھیں آزمائشیں جتنی تمام مجھ پہ ہوئیں
نہ بچ کے جائے گا اب مجھ سے امتحان کوئی
یہ طوطا مینا کے قصے بہت پرانے ہیں
ہمارے عہد کی اب چھیڑو داستان کوئی
نئے زمانے کی ایسی کچھ آندھیاں اٹھیں
رہا سفینے پہ باقی نہ بادبان کوئی
بکھر کے رہ گئیں رشتوں کی ساری زنجیریں
بچا سکا نہ روایت کو خاندان کوئی
ذکیؔ ہمارا مقدر ہیں دھوپ کے خیمے
ہمیں نہ راس کبھی آیا سائبان کوئی