زاہد کمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زخم کا جو مرہم ہوتے ہیں (غزل)
زخم کا جو مرہم ہوتے ہیں
لوگ ایسے اب کم ہوتے ہیں
سورج ڈوب کے پھر ابھرے گا
کیوں اتنے ماتم ہوتے ہیں
کمسن لفظوں کے سینوں میں
گہرے مطلب کم ہوتے ہیں
لمحہ لمحہ عمر خوشی کی
صدیاں صدیاں غم ہوتے ہیں
پہلے آپ سمندر سے
دریا خود ہی ضم ہوتے ہیں
لاکھ اونچی سہی اے دوست کسی کی آواز (غزل)
لاکھ اونچی سہی اے دوست کسی کی آواز
اپنی آواز بہر حال ہے اپنی آواز
اب کنویں پر نظر آتا نہیں پیاسوں کا ہجوم
تیرے پازیب کی کیا ٹوٹ کے بکھری آواز
وہ کسی چھت کسی دیوار سے روکے نہ رکی
گرم ہونٹوں کے تصادم سے جو ابھری آواز
لوگو سچ مت کہو سچ کی نہیں قیمت کوئی
کسی دیوانے کی سناٹے میں گونجی آواز
بوڑھی صدیوں کی جڑیں کاٹ دیا کرتی ہے
چوٹ کھائے ہوئے جذبات کی زخمی آواز
میں نے جب جب کہا تشنہ ہیں ادب کی قدریں
دب گئی کتنی ہی آوازوں میں میری آواز
وضع داری نے کہیں کا نہیں رکھا زاہدؔ
ورنہ کتنوں نے بدل رکھی ہے اپنی آواز