پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یحیٰ خان یوسف زئی کی غزلیں — Yahya Khan Yusuf Zai Ghazals

یحیٰ خان یوسف زئی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سانپ جب آستین سے نکلا (غزل)

سانپ جب آستین سے نکلا

وہم کوئی یقین سے نکلا

اس نے جب مجھ سے الوداع کہا

کوئی پرزہ مشین سے نکلا

اس سے بچھڑا تو یوں لگا جیسے

اک مسلمان دین سے نکلا

روشنی بھر گئی خلاؤں میں

اک ستارہ زمین سے نکلا

سدرۃ المنتہیٰ پہ جا پہنچا

اسفل سافلین سے نکلا

درد کے سامنے دولت نہیں دیکھی جاتی (غزل)

درد کے سامنے دولت نہیں دیکھی جاتی

جنگ میں صرف غنیمت نہیں دیکھی جاتی

سر میں سودا ہو تو فرصت نہیں دیکھی جاتی

دل کے کاموں میں سہولت نہیں دیکھی جاتی

نقد جاں بیچ دی ہم نے ترے وعدے کے عوض

مال اچھا ہو تو قیمت نہیں دیکھی جاتی

سوچنا مت کبھی انجام سر راہ طلب

دامن تیغ پہ قسمت نہیں دیکھی جاتی

ہم سے چپ رہنے کی بالفرض خطا ہو بھی جائے

دامن حرف پہ تہمت نہیں دیکھی جاتی

وہ چلی گئی (نظم)

وہ چلی گئی

وہ چٹاخ چڑیا چلی گئی

مرے آشیاں میں گذشتہ شب وہ رکی

مگر دم صبح پھر سے وہ اڑ گئی

اسے اڑتے رہنا پسند تھا سو چلی گئی

بڑی شوخ تھی بڑی تیز رو

بڑا چہچہاتی تھی مسکراتی تھی

اس کے پنکھوں میں کوئی دام وصال تھا

مجھے اس کا نام پتا نہیں

وہ کہاں سے آئی نہیں خبر

وہ یہیں کہیں پہ چھپی ہوئی تو نہیں یہیں

کسی اور آنکھ کو دام حسن میں باندھ کر

دل مبتلا کو اسیر وصل کیے ہوئے

وہ نہیں گئی وہ یہیں کہیں تو ضرور ہے

مزید غزلیں از یحیٰ خان یوسف زئی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں