پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

YaadeiNیادیں لاکھ موسم نے رونقیں بخشیں ہم تِر…

YaadeiNیادیں

لاکھ موسم نے رونقیں بخشیں ہم تِرے قحط سے نہ نکل سکے

اشکِ رَواں کی نہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو
اُس بے وفا کا شہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو

یہ اجنبی سی منزلیں، اور رفتگاں کی یاد
تنہائیوں کا زہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو

لائی ہے اب اُڑا کے ، گئے موسموں کی باس
برکھا کی رُت کا قہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو

دِل کو ہجومِ نکہتِ مہ سے لہُو کیے
راتوں کا پِچھلا پہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو

پھرتے ہیں مثلِ موجِ ہَوا شہر شہر میں
آوارگی کی لہر ہے ، اور ہم ہیں دوستو

آنکھوں میں اُڑ رہی ہے لُٹی محفلوں کی دُھول
عِبرت سرائے دہر ہے،اور ہم ہیں دوستو…!

✍…مُنیرؔ نیازی(تیز ہَوا، اور تنہا پُھول)