YaadeiNیادیں
جو دیا تو نے ہمیں وہ صورت زر رکھ لیا
تو نے پتھر دے دیا تو ہم نے پتھر رکھ لیا
سسکیوں نے چار سو دیکھا کوئی ڈھارس نہ تھی
ایک تنہائی تھی اس کی گود میں سر رکھ لیا
گھٹ گیا تہذیب کے گنبد میں ہر خواہش کا دم
جنگلوں کا مور ہم نے گھر کے اندر رکھ لیا
میرے بالوں پہ سجا دی گرم صحراؤں کی دھول
اپنی آنکھوں کے لیے اس نے سمندر رکھ لیا
درز تک سے اب نہ پھوٹے گی تمنا کی پھوار
چشمۂ خواہش پہ ہم نے دل کا پتھر رکھ لیا
وہ جو اڑ کر جا چکا ہے دور میرے ہاتھ سے
اس کی اک بچھڑی نشانی طاق میں پر رکھ لیا
دید کی جھولی کہیں خالی نہ رہ جائے عدیمؔ
ہم نے آنکھوں میں ترے جانے کا منظر رکھ لیا
پھینک دیں گلیاں برون صحن سب اس نے عدیمؔ
گھر کہ جو مانگا تھا میں نے وہ پس در رکھ لیا…!
✍…عدیمؔ ہاشمی

Comments
One response to “YaadeiNیادیں جو دیا تو نے ہمیں وہ صورت زر رکھ لی…”
Behtreeeen.