پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولی اللہ ولی کی غزلیں — Waliullah Wali Ghazals

ولی اللہ ولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشرت دنیائے فانی کی کہانی اور ہے (غزل)

عشرت دنیائے فانی کی کہانی اور ہے

یاد میں تیری جو گزرے زندگانی اور ہے

اس جہاں میں کس کو حاصل ہے بقا تیرے سوا

ہاں جو تیرا ہو گیا اس کی کہانی اور ہے

روٹھتا ہے گر زمانہ روٹھ جائے غم نہیں

اس سراپا مہرباں کی مہربانی اور ہے

دیکھتا ہے کیوں کوئی مظلوم سوئے آسماں

بیکسوں کی یہ دعائے بے زبانی اور ہے

عشق کہتے ہیں کسے یہ پوچھیے منصور سے

جاں سپاری اور ہے اور راز دانی اور ہے

خوش گمانی میں ہے دنیا اس کو بد ظن دیکھ کر

مجھ سے لیکن اس کی وجہ بد گمانی اور ہے

لفظ کی بازی گری سے شعر کا کیا واسطہ

شاعری میں اے ولیؔ جادو بیانی اور ہے

پیار کا یوں دستور نبھانا پڑتا ہے (غزل)

پیار کا یوں دستور نبھانا پڑتا ہے

قاتل کو سینے سے لگانا پڑتا ہے

دنیا کو پر نور بنانے کی خاطر

اپنے گھر کو آگ لگانا پڑتا ہے

بت خانے یوں ہی تعمیر نہیں ہوتے

پتھر کو بھگوان بنانا پڑتا ہے

دنیا داری کی خاطر اس دنیا کا

جانے کیا کیا ناز اٹھانا پڑتا ہے

اپنے قاتل کی معصوم نگاہوں سے

دل کا ہر اک زخم چھپانا پڑتا ہے

ایسا بھی وقت آتا ہے سرداری پر

انگاروں کو پھول بنانا پڑتا ہے

ایسا بھی ہوتا ہے ہجر کی راتوں میں

دیواروں کو حال سنانا پڑتا ہے

جن گلیوں میں قتل ہوئے ارمان ولیؔ

ان گلیوں میں آنا جانا پڑتا ہے

یہ دیوانی سی اک لڑکی (نظم)

یہ دیوانی سی اک لڑکی

حسیں بھی دل ربا بھی ہے

ابھی معصوم ہے لیکن

وفا سے آشنا بھی ہے

مرے گھر کی ہیں دیواریں

اسی کے رنگ سے روشن

اسی کے دم سے پاکیزہ

مری امید کا آنگن

جبیں اس کی سحر جیسی

اذاں دیتی ہوئی آنکھیں

نظر کا امتحاں لیتی

شب تاریک سی زلفیں

نگاہیں زندگی جیسی

ادائیں چاندنی جیسی

وفا اس کی مری خاطر

عصائے موسوی جیسی

تقدس حور کے جیسا

سراپا نور کے جیسا

مکمل حسن ہے اس کا

مرے دستور کے جیسا

نگاہوں کے لیے میری

یہ ہے تنویر مستقبل

یہ صبح نو کی منزل ہے

یہ ہے تصویر مستقبل

ہر اک انداز ہے اس کا

دھنک منظر کا ہمسایہ

ولیؔ یہ لاڈلی بیٹی

مری ہستی کا سرمایہ

یہ دیوانی تو ہے لیکن

یہی دانش نشاں ہوگی

اسی کی گود میں پل کر

نئی دنیا جواں ہوگی

مزید غزلیں از ولی اللہ ولی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں