وجیہ ثانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اچھا ہوا کہ عشق میں برباد ہو گئے (غزل)
اچھا ہوا کہ عشق میں برباد ہو گئے
مجبوریوں کی قید سے آزاد ہو گئے
کب تک فریب کھاتے رہیں قید میں رہیں
یہ سوچ کر اسیر سے صیاد ہو گئے
اس کیفیت کا نام ہے کیا سوچتے ہیں ہم
اور دوستوں کی ضد ہے کہ فرہاد ہو گئے
ملنے کا من نہیں تو بہانا نیا تراش
اب تو مکالمے بھی ترے یاد ہو گئے
بیزار بد مزاج انا دار بد لحاظ
ایسے نہیں تھے جیسے تیرے بعد ہو گئے
ثانیؔ فقط تمہارا لکھا جن خطوط پر
وہ تو کبھی کے زائد المیعاد ہو گئے
محبت کے تعاقب میں تھکن سے چور ہونے تک (غزل)
محبت کے تعاقب میں تھکن سے چور ہونے تک
اسے تم کھیل ہی سمجھے مرے مجبور ہونے تک
وہ بے تابی مری ہر شام کے مستور ہونے تک
تمہارا بام پر آنا اندھیرا نور ہونے تک
تمہیں تو یاد ہی ہوگا ہمارے بیچ کا جھگڑا
تمہارے وصل سے لے کر مرے مغرور ہونے تک
خفا تم سے ذرا سی دیر کو اک روز ہو بیٹھا
تمہاری آنکھ میں اتری نمی بھرپور ہونے تک
اور اس کے درمیاں لگتا ہے جیسے خواب دیکھا ہو
ہمارے پاس آنے سے ہمارے دور ہونے تک