پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وجاہت علی سندیلوی کی غزلیں — Wajahat Ali Sandailvi Ghazals

وجاہت علی سندیلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فرش مقتل کو سجاؤ چاہ سے ارمان سے (غزل)

فرش مقتل کو سجاؤ چاہ سے ارمان سے

رقص کرنے آئے ہیں ہم اک نئے عنوان سے

دل ہے روشن زندگی کے اک نئے عرفان سے

اپنا رشتہ کٹ چکا ہے کفر سے ایمان سے

تنگ دامانی سے اپنی شرم آئے خود ہمیں

درد کا رشتہ جو توڑیں ہم کسی انسان سے

موت ہے کمزور کی ارزاں ہمیشہ کی طرح

قہرمانی ہے وہی گو دوسرے عنوان سے

خون کی ہر بوند مانگے خوں بہا مقتل میں آج

کام اب بنتا نہیں ہے وعدہ و پیمان سے

جگمگاتے دیکھ لے پھر حریت کے بام و در

بعد میرے یہ رہے تھے کچھ دنوں ویران سے

امن ہو انصاف ہو اور ہو محبت کی فضا

ایک دنیا ہم بنائیں اک نئے عنوان سے

آب و گل سے دیدۂ بے دار پیدا کر دیا

ہم بھی چھوٹے زندگی کے اک بڑے احسان سے

رقص مجنوں تیشۂ فرہاد سے آباد تھے

دشت و صحرا اب تو لگتے ہیں بڑے سنسان سے

جن کے ہاتھوں شہر سارا آگ کا طوفان ہے

بزم میں بیٹھے ہیں کیسے وہ بنے انجان سے

ہر جگہ نظر آیا صاحب نظر تنہا (غزل)

ہر جگہ نظر آیا صاحب نظر تنہا

قلب میں صدف کے بھی دیکھا ہے گہر تنہا

بجھ سکے گی کتنوں کی پیاس خون سے میرے

بے شمار تیغیں ہیں اور میرا سر تنہا

فیض کچھ ترا بھی تھا بخشش جنوں بھی تھی

اک ہجوم تھا پیچھے ہم چلے جدھر تنہا

مہر و مہ کھلائے بے انتہا سے رشتہ ہے

کیوں سمجھتا ہے اپنے آپ کو بشر تنہا

سیر چاند تاروں کی ساتھیوں مبارک ہو

رہ گیا قفس میں اب میں شکستہ پر تنہا

ایک اپنا عالم خود ہے بنا لیا ہم نے

ساتھ میں رہی دنیا ہم رہے مگر تنہا

تھی صلیب کاندھوں پر جا رہے تھے مقتل کو

ساتھ تھے بہت اپنے سب رہے مگر تنہا

منزلیں جدا سب کی رہ گزر الگ سب کے

رہ گیا ہے دنیا میں اپنی ہر بشر تنہا

کس کو فکر تھی میری نرغۂ حوادث میں

مضطرب دکھائی دی تیری اک نظر تنہا

مزید غزلیں از وجاہت علی سندیلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں