واحد جمال کرتپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قتل گاہوں کے یہ منظر نہیں دیکھے جاتے (غزل)
قتل گاہوں کے یہ منظر نہیں دیکھے جاتے
ننھے بچوں کے کٹے سر نہیں دیکھے جاتے
جن کے لفظوں سے وفاؤں کی مہک آتی تھی
اب وہ اخلاق کے پیکر نہیں دیکھے جاتے
جو مرے خوف سے نظروں کو جھکا لیتے تھے
آج ان لوگوں کے تیور نہیں دیکھے جاتے
صنف نازک کی طرف دار مری غیرت سے
پھول سے ہاتھوں میں خنجر نہیں دیکھے جاتے
ذوق پیدا ہو تو کیسے ہو مسیحائی کا
اب زمانے میں پیمبر نہیں دیکھے جاتے
مغربی طرز کی آندھی نے اڑایا سب کچھ
اب دوپٹے بھی سروں پر نہیں دیکھے جاتے
لا حقیقت میں بدل دوں اگلے افسانوں کو میں (غزل)
لا حقیقت میں بدل دوں اگلے افسانوں کو میں
اپنے شعروں میں پرو لوں تیری مسکانوں کو میں
تتلیوں کے پنکھ کیا آئے قیامت آ گئی
کس جگہ محفوظ رکھوں اپنے گل دانوں کو میں
گونجتی ہیں جن میں ابلاؤں کی چیخیں رات بھر
منہدم کر کے رہوں گا ایسے ایوانوں کو میں
گردشوں نے کر دیا دل کو عطا وہ حوصلہ
مات دے دوں گا یقیناً غم کے طوفانوں کو میں
میری غزلیں اب مری پہچان بنتی جائیں گی
خون دل سے لکھ رہا ہوں غم کے افسانوں کو میں
جیسے ماں بہلا رہی ہو بھوکے بچوں کو جمالؔ
یوں دلاسے دے رہا ہوں اپنے ارمانوں کو میں