واحد انصاری برہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منافق دعویٰ ایماں میں سچا ہو نہیں سکتا (غزل)
منافق دعویٰ ایماں میں سچا ہو نہیں سکتا
کہ گوبر پھر بھی گوبر ہے وہ حلوہ ہو نہیں سکتا
جو خالص نیتا ہے وعدے کا پکا ہو نہیں سکتا
کہ جیسے جیب میں گنجے کے کنگھا ہو نہیں سکتا
جہاں کے رستم و دارا کے چھکے چھوٹ جائیں گے
مسلماں متحد ہو جائیں تو کیا ہو نہیں سکتا
پہن کر برقعہ آتنگ وادی لگتی ہیں مہلائیں
جسے تم پردہ کہتے ہو وہ پردہ ہو نہیں سکتا
گدھے کو باپ کہتی ہے یہ دنیا وقت پڑنے پر
عمل تو بھی کرے اس پر تو لفڑا ہو نہیں سکتا
مرے استاد کہتے تھے گدھے کی پیٹھ پر واحدؔ
کتابیں لاد دینے سے وہ ملا ہو نہیں سکتا
دلبر سے دل لگی کا مزا ہم سے پوچھئے (غزل)
دلبر سے دل لگی کا مزا ہم سے پوچھئے
واللہ عاشقی کا مزا ہم سے پوچھئے
پتلی گلی کی سیر سے واقف نہیں ہیں آپ
ہوتا ہے کیا گلی کا مزا ہم سے پوچھئے
گانجا چرس افیم کی ہر قسمیں دوستو
اک پل میں اک صدی کا مزا ہم سے پوچھئے
ٹانگیں رگڑ کے مرنے سے بہتر ہے آئیے
لیں کیسے زندگی کا مزا ہم سے پوچھئے
سائیڈ سے نہ چلے یہ چلے رانگ ہر گھڑی
قسمت کی پھٹپھٹی کا مزا ہم سے پوچھئے
بھٹیار خانے کا کوئی پکوان تو نہیں
واحدؔ کی شاعری کا مزا ہم سے پوچھئے