پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عروج قادری کی غزلیں — Urooj Qadri Ghazals

عروج قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ گیا وقت کہ ہو دعوت عام اے ساقی (غزل)

آ گیا وقت کہ ہو دعوت عام اے ساقی

بھیج دے چاروں طرف اپنا پیام اے ساقی

کھینچ لائے گا ہزاروں کو ترے پاس یہاں

یہ ترا حسن نظر حسن کلام اے ساقی

گھر لٹانے کی نہیں گھر کو بچانے کی ہے فکر

کس قدر عشق ہے میرا ابھی خام اے ساقی

کاسۂ دل ہے ترے سامنے اس کو بھر دے

مے انگور تو ہے مجھ پہ حرام اے ساقی

ان سے بچنا ہے ترے لطف و کرم پر موقوف

ہیں رہ عشق میں پھیلے ہوئے دام اے ساقی

کب نئے نظم سے دنیا کو ملے گی راحت

کتنا مہلک ہے یہ فرسودہ نظام اے ساقی

دور گوشے میں ہے افتادہ و دلگیر عروجؔ

آ کبھی اس کی طرف بادہ بہ جام اے ساقی

آپ کیا جانیں محبت کا تماشا کیا ہے (غزل)

آپ کیا جانیں محبت کا تماشا کیا ہے

شعلۂ عشق کسے کہتے ہیں سودا کیا ہے

کوئی خوش ہے کوئی نا خوش کوئی شاکی تجھ سے

کون جانے کہ تری بزم کا قصہ کیا ہے

ساغر مہر و وفا دور میں تھا صبح و مسا

جانے اب مجلس احباب کا نقشہ کیا ہے

علم تقدیر پہ موقوف نہیں میرا عمل

کون جانے مری تقدیر کا لکھا کیا ہے

جس کے امروز میں باقی نہ رہے روح حیات

صاف ظاہر ہے کہ اس قوم کا فردا کیا ہے

جگمگاتے یہ ستارے یہ فلک کے خیمے

تو نے پردے تو یہ دیکھے پس پردہ کیا ہے

کارسازی پہ خدا کی ہے بھروسہ ورنہ

میں اگر جان لڑاؤں بھی تو ہوتا کیا ہے

سر ہتھیلی پہ لئے پھرتے ہیں جو لوگ عروجؔ

ان سے پوچھو کہ محبت کا طریقہ کیا ہے

نفاق سے خدا بچائے روگ یہ شدید ہے (نظم)

نفاق سے خدا بچائے روگ یہ شدید ہے

بلائے جان آدمی نشان بزدلی ہے یہ

زوال آدمی ہے یہ وبال آدمی ہے یہ

اگر کہوں درست ہے کہ مرگ آدمی ہے یہ

یہ گندگی کا ڈھیر ہے غلاف میں ڈھکا چھپا

یہ خوفناک زہر ہے مٹھاس میں ملا جلا

وبائے ہولناک ہے بلائے ہولناک ہے

یہ چلتی پھرتی آگ ہے دیار و ملک و شہر میں

نفاق سے خدا بچائے روگ یہ خبیث ہے

لباس جسم آدمی میں کوڑھ ہے چھپا ہوا

منافقوں کی خصلتیں عجیب ہیں غریب ہیں

زباں پہ کچھ ہے دل میں کچھ کہیں گے کچھ کریں گے کچھ

زباں پہ دوستی کا راگ آستین میں چھری

دلوں میں بغض ہے بھرا مگر لبوں پہ ہے ہنسی

زبان پر خدا کی رٹ دلوں میں فکر شیطنت

یہ اپنے آپ ہیں خدا غرض کو پوجتے ہیں یہ

یہ نفس کے غلام ہیں مفاد کے غلام ہیں

یہ اپنے آپ مقتدی یہ اپنے خود امام ہیں

مزید غزلیں از عروج قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں