پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تحسین منور کی غزلیں — Tehseen Munawar Ghazals

تحسین منور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کوئی جیت نہیں ہار نہیں کچھ بھی نہیں (غزل)

اب کوئی جیت نہیں ہار نہیں کچھ بھی نہیں

میں جہاں ہوں وہاں سنسار نہیں کچھ بھی نہیں

ایک عالم کی خبر مجھ کو ہوئی جاتی ہے

میں خبردار نہ ہشیار نہیں کچھ بھی نہیں

ایک جیسے ہیں مگر پھر بھی جدا ہیں سارے

درمیاں ہے کوئی دیوار نہیں کچھ بھی نہیں

میرے بچو مری یہ بات سدا یاد رہے

آدمی کا کوئی کردار نہیں کچھ بھی نہیں

وہ جو نفرت کے سہارے ہی بنے ہیں سب کچھ

ان سے کہہ دو کہ اگر پیار نہیں کچھ بھی نہیں

پہلے ہر دل پہ حکومت تھی منورؔ اپنی

اب تو دلی میں بھی سرکار نہیں کچھ بھی نہیں

کس قدر اونچے مرے دام ہوا کرتے تھے (غزل)

کس قدر اونچے مرے دام ہوا کرتے تھے

کرشن میرے تھے مرے رام ہوا کرتے تھے

میرے بھارت میں فقیروں کی سدا چلتی تھی

صوفی سنتوں سے یہاں کام ہوا کرتے تھے

کل تلک پیار ہی مذہب تھا مرے پرکھوں کا

کتنی آسانی سے ہم رام ہوا کرتے تھے

اب جو ملبہ یہاں نفرت کا نظر آتا ہے

پیار کے اس میں در و بام ہوا کرتے تھے

ہم تو ہندو بھی تھے مسلم بھی تھے انسان بھی تھے

صبح جو ہوتے وہی شام ہوا کرتے تھے

عشق آیا تو ہمیں پیار بھرے نام ملے

پیار سے پہلے تو بے نام ہوا کرتے تھے

اب تو پھولوں سے گزرتے ہیں بچا کر دامن

جو منورؔ کبھی گلفام ہوا کرتے تھے

مزید غزلیں از تحسین منور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں