تابش کمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کب کھلے گا کہ فلک پار سے آگے کیا ہے (غزل)
کب کھلے گا کہ فلک پار سے آگے کیا ہے
کس کو معلوم کہ دیوار سے آگے کیا ہے
ایک طرہ سا تو میں دیکھ رہا ہوں لیکن
کوئی بتلائے کہ دستار سے آگے کیا ہے
ظلم یہ ہے کہ یہاں بکتا ہے یوسف بے دام
اور نہیں جانتا بازار سے آگے کیا ہے
سر میں سودا ہے کہ اک بار تو دیکھوں جا کر
سر میدان سجی دار سے آگے کیا ہے
جس نے انساں سے محبت ہی نہیں کی تابشؔ
اس کو کیا علم کہ پندار سے آگے کیا ہے
ہمارا ڈوبنا مشکل نہیں تھا (غزل)
ہمارا ڈوبنا مشکل نہیں تھا
نظر میں دور تک ساحل نہیں تھا
کہاں تھا گفتگو کرتے ہوئے وہ
وہ تھا بھی تو سر محفل نہیں تھا
میں اس کو سب سے بہتر جانتا ہوں
جسے میرا پتہ حاصل نہیں تھا
زمانے سے الگ تھی میری دنیا
میں اس کی دوڑ میں شامل نہیں تھا
وہ پتھر بھی تھا کتنا خوبصورت
جو آئینہ تھا لیکن دل نہیں تھا
ہم اس دھرتی کے باشندے تھے تابشؔ
کہ جس کا کوئی مستقبل نہیں تھا
گئے برسوں اک حاصل کیا! (نظم)
گئے برسوں اک حاصل کیا!
فقط اک موم بتی تین سو پینسٹھ دنوں میں
کیک کے زینے پہ چڑھتی ہے
ذرا سی پھونک پر ہم راہیوں کے ساتھ بجھتی ہے
دھواں چکرا کے روشن دان سے باہر نکلتا ہے
چھری کی دھار سے کتنے برس کاٹوں!
ہوا کا آشنا چہرہ مری آنکھوں میں رہتا ہے
گئے لمحوں کو دہراتی ہوا طرز محبت ہے
وہ آئے تو نئے لمحوں کی رسی تھام کر چل دوں
کہیں اندر رکی پھونکیں لبوں تک آئیں
تو یہ بتیاں گل ہوں
ابھی کل کے دریچے کھل نہیں پائے
مناظر دھند میں ہیں
آنسوؤں سے دھل نہیں پائے