پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیدہ شانِ معراج کی غزلیں — Syeda Shan E Meraj Ghazals

سیدہ شانِ معراج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہجر میں تیرے تصور کا سہارا ہے بہت (غزل)

ہجر میں تیرے تصور کا سہارا ہے بہت

رات اندھیری ہی سہی پھر بھی اجالا ہے بہت

مانگ کر میری انا کو نہیں دریا بھی قبول

اور بے مانگ میسر ہو تو قطرہ ہے بہت

یہ تو سچ ہے کہ شب غم کو سنوارا تم نے

چشم تر نے بھی مرا ساتھ نبھایا ہے بہت

بات کرنا تو کجا اس سے تعارف بھی نہیں

عمر بھر جس کو ہر اک حال میں سوچا ہے بہت

جانے کیوں مجھ سے وہ کترا کے گزر جاتا ہے

جس نے خود مجھ کو کبھی ٹوٹ کے چاہا ہے بہت

ہم سے فن کار بھی اس دور میں کم ہی ہوں گے

ہم نے دنیا سے ترے غم کو چھپایا ہے بہت

وہ کہیں مجھ سے تغافل کا سبب پوچھ نہ لے

شان آج اس نے مجھے غور سے دیکھا ہے بہت

داستاں ختم ہے اظہار وفا رہنے دو (غزل)

داستاں ختم ہے اظہار وفا رہنے دو

اب مرے واسطے جینے کی دعا رہنے دو

قربتیں پیار کی تقدیس گھٹا دیتی ہیں

پیار کو لمس کی جنت سے جدا رہنے دو

پھر کسی زخم کے کھل جائیں نہ ٹانکے دیکھو

رہنے دو تذکرۂ رسم وفا رہنے دو

ریزۂ سنگ تو آیا گل منظر نہ سہی

کاسۂ چشم کو حیرت سے کھلا رہنے دو

ہم کو تپتے ہوئے صحرا سے گزرنا ہے ابھی

یاد کی چھاؤں میں کچھ دیر کھڑا رہنے دو

جادۂ عشق کٹھن ہے یہ سمجھ میں آ جائے

خار کے ساتھ یہ پتھر بھی پڑا رہنے دو

شانؔ بے سمت نہ کر دے تمہیں صحرائے حیات

ذہن میں ان کے نقوش کف پا رہنے دو

یہی وہ منزل مقصود ہے کہ جس کے لئے (نظم)

یہی وہ منزل مقصود ہے کہ جس کے لئے

بڑے ہی عزم سے اپنے سفر پہ نکلے تھے

اسی گھڑی کی تمنا میں جانے کتنے لوگ

جو بے خطا تھے مگر سولیوں پہ لٹکے تھے

یہ سوچتے تھے کہ وہ دن کبھی تو آئے گا

تمام حسرتیں دل کی نکل ہی جائیں گی

ہمارے پاؤں کی یہ بیڑیاں یہ زنجیریں

کبھی تو موم کی صورت پگھل ہی جائیں گی

کچھ اس طرح سے بڑھا دل میں ذوق آزادی

کہ رفتہ رفتہ تمنا جوان ہوتی گئی

کچھ اس طرح سے اٹھی ہر طرف سے وہ آندھی

جو اٹھتے اٹھتے خود اک آسمان ہوتی گئی

نگاہ کو تھی مگر میر کارواں کی تلاش

نظر جو اٹھی تو دیکھا کہ ایک مرد فقیر

کھڑا ہے حوصلۂ امن و آشتی لے کر

نہ کوئی خود بدن پر نہ ہاتھ میں شمشیر

چراغ راہ میں اس کے عمل سے جلنے لگے

لو آج صبح شب انتظار آ ہی گئی

فضا مہکنے لگی دل نواز پھولوں سے

دیار ہند میں فصل بہار آ ہی گئی

مزید غزلیں از سیدہ شانِ معراج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں