سید ظفر کاشی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کس موڑ پر لے جائے گی سوچا نہ تھا (غزل)
زندگی کس موڑ پر لے جائے گی سوچا نہ تھا
پاؤں میں بیڑی پڑی تھی دور تک رستہ نہ تھا
درمیاں آ جائے گی میری انا کی مصلحت
اس سے مل کر یوں بچھڑ جاؤں گا اندیشہ نہ تھا
ہر طرف تھا سامنے نظروں کے بحر بیکراں
پیاس میری جو بجھاتا ایک بھی قطرہ نہ تھا
کس لئے آتا نہیں مجھ کو نظر میرا ضمیر
آئنوں کا عکس یارو اس قدر دھندلا نہ تھا
زندگی ساری گناہوں میں گزاری اے ظفرؔ
لوگ کہتے تھے مجھے اچھا مگر اچھا نہ تھا
نظر اٹھتی ہے تو ہنگام محشر یاد آتا ہے (غزل)
نظر اٹھتی ہے تو ہنگام محشر یاد آتا ہے
فصیلوں پر ابابیلوں کا لشکر یاد آتا ہے
گزاری زندگی جس نے کھجوروں کی چٹائی پر
وہ بوسیدہ رسول اللہ کا بستر یاد آتا ہے
جو صف آرا رہے برسوں عرب کے کوہساروں پر
ان اصحاب صفا کا مجھ کو لشکر یاد آتا ہے
نسب سرکار نے جس کو کیا خود اپنے ہاتھوں سے
وقار عظمت کعبہ وہ پتھر یاد آتا ہے
وہ جلتی دھوپ صحرا وہ پیاسوں کی خنک تابی
تڑپ جاتا ہوں جب کربل کا منظر یاد آتا ہے
ذبیح اللہ کے حلقوم پر جو کند ہو جائے
خلیل اللہ کا مجھ کو وہ خنجر یاد آتا ہے
زمانے کو دیا جس نے شعور زندگی یارو
مجھے راہ وفا میں اب وہ رہبر یاد آتا ہے
بھلا دی ہیں ظفرؔ اسلاف کی قدریں سبھی ہم نے
اسی باعث تو اب میدان محشر یاد آتا ہے