سید جمیل مدنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہ فیض آگہی ہے مدعا سنجیدہ سنجیدہ (غزل)
بہ فیض آگہی ہے مدعا سنجیدہ سنجیدہ
خودی نے وا کئے ہیں راز کیا پیچیدہ پیچیدہ
نظر حیراں طبیعت ہے ذرا رنجیدہ رنجیدہ
ہوا دل ہے کسی کا مبتلا پوشیدہ پوشیدہ
فضاؤں سے فسانہ سن کے اس کے درد ہجراں کا
گلوں نے چن لئے اشک صبا لرزیدہ لرزیدہ
اسی مست جوانی کے قدم بڑھ کر لئے ہوں گے
چمن میں چل رہی ہے جو صبا لغزیدہ لغزیدہ
ٹھہر جائے نہ گھبرا کر کہیں یہ قافلہ دل کا
مری جانب نظر پھر سے اٹھا دزدیدہ دزدیدہ
جمیلؔ زار کا ہے یہ نشاں اے گلستاں والو
جواں ہمت پریشاں حال سا کاہیدہ کاہیدہ
طور اپنا ہے الگ ایں سے الگ آں سے الگ (غزل)
طور اپنا ہے الگ ایں سے الگ آں سے الگ
گو کسی طور نہیں حکمت یزداں سے الگ
زیست اک اور بھی ہے قید رگ جاں سے الگ
صبح تاباں سے جدا شام غریباں سے الگ
ظلمت شب کی طرح نور شبستاں سے الگ
غم دوراں سے الگ عشق نگاراں سے الگ
گر ترے واسطے دل دھڑکے تو زندہ تو ہے
دل کی آواز ہے آواز پریشاں سے الگ
جب کبھی فکر مرا رمز انا سے الجھا
عالم اک اور بنا عالم امکاں سے الگ
عمر یوں ہم نے گزاری ہے زمانے میں جمیلؔ
نہ رم زیست میں شامل نہ غم جاں سے الگ