پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید عاشور کاظمی کی غزلیں — Syed Ashoor Kazmi Ghazals

سید عاشور کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کج کلاہی کو یقیں تھا گھٹ کے مر جائیں گے لوگ (غزل)

کج کلاہی کو یقیں تھا گھٹ کے مر جائیں گے لوگ

ہم یہ کہتے تھے کہ سڑکوں پر نکل آئیں گے لوگ

ظلمتوں کی تیغ نے کاٹا اجالے کا گلا

بے حسی کا دور جب سوچیں گے پچھتائیں گے لوگ

آج اپنی ذات سے سچ بولنا بھی جرم ہے

کل سر محفل ہماری بات دہرائیں گے لوگ

کٹ گئی زنجیر ظلمت صبح کے آثار ہیں

تیغ کی جھنکار پر اب رقص فرمائیں گے لوگ

سر جھکا کر ظلم سہنا بھی سراسر ظلم ہے

کربلا تازہ لہو تاریخ دہرائیں گے لوگ

شہر کے ویران سناٹے سے گھبرائے ہوئے

دشت کی آبادیوں کو ڈھونڈتے آئیں گے لوگ

ظلم و جور کو کب تک مصلحت میں تولیں گے (غزل)

ظلم و جور کو کب تک مصلحت میں تولیں گے

اس صدی کے دانشور کب زبان کھولیں گے

راس آ گئی جن کو بھیک آب و دانے کی

وہ طیور اب ہرگز بال و پر نہ کھولیں گے

بے حسی کے جذبوں کو خون کی ضرورت ہے

کب ضمیر جاگیں گے کب عوام بولیں گے

اہل کبر و نخوت کی اپنی آستینوں میں

وہ جو سانپ پلتے ہیں اور زہر گھولیں گے

چپ رہے تو ظالم کو فرصت ستم ہوگی

ہم قلم اٹھائیں گے ہم زبان کھولیں گے

اہل ہفت کشور کو آج تک کی مہلت ہے

کل زمین الٹے گی تخت و تاج ڈولیں گے

مزید غزلیں از سید عاشور کاظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں