پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سوپنیل یادو نیل کی غزلیں — Swapnil Yadav Nil Ghazals

سوپنیل یادو نیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس سے پہلے تجھ سے بہتر آ جائے (غزل)

اس سے پہلے تجھ سے بہتر آ جائے

چاہوں گا تو خود سے چل کر آ جائے

چیخوں پورا زور لگا کر نام اس کا

وہ اپنی تصویر سے باہر آ جائے

صحرا میں میں پیاسا بھٹکوں اور اک دم

تیری یادوں کا اک لشکر آ جائے

میں اپنے احباب کی گلیوں میں ہوں اور

جانے کس کھڑکی سے پتھر آ جائے

تو بس اک آواز لگا دے پھر بندہ

ممکن ہے کہ موت سے بچ کر آ جائے

سوری سر اس کی یادوں نے گھیرا ہے

ایسے میں کوئی کیسے دفتر آ جائے

آنے کا میری اور جو بھی حوصلہ کرے (غزل)

آنے کا میری اور جو بھی حوصلہ کرے

پہلے اداسیوں سے ملے رابطہ کرے

مجھ سے بچھڑ گیا تو تو تنہا گزاریو

نئیں چاہتا میں عشق تجھے دوسرا کرے

تم جو بھی کہہ رہے ہو وہ سب ٹھیک ہے مگر

جب یوں ہی دل اداس ہو تو کوئی کیا کرے

بیکار جال پھینکتا ہے مجھ پہ حسن کا

کہنا اسے کہ یار ابھی کچھ نیا کرے

دیوانگی کے پار کی ہے چیز میرا عشق

میں پاؤں چوم لوں گا وہ جو آگیا کرے

بندہ لگا کے زور سبھی تھک گیا خدا

اب تجھ سے پوچھتا ہے کوئی اور کیا کرے

مزید غزلیں از سوپنیل یادو نیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں