پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرور بارہ بنکوی کی غزلیں — Suroor Barabankvi Ghazals

سرور بارہ بنکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو کیا یہ طے ہے کہ اب عمر بھر نہیں ملنا (غزل)

تو کیا یہ طے ہے کہ اب عمر بھر نہیں ملنا

تو پھر یہ عمر بھی کیوں تم سے گر نہیں ملنا

یہ کون چپکے سے تنہائیوں میں کہتا ہے

ترے بغیر سکوں عمر بھر نہیں ملنا

چلو زمانے کی خاطر یہ جبر بھی سہہ لیں

کہ اب ملے تو کبھی ٹوٹ کر نہیں ملنا

رہ وفا کے مسافر کو کون سمجھائے

کہ اس سفر میں کوئی ہم سفر نہیں ملنا

جدا تو جب بھی ہوئے دل کو یوں لگا جیسے

کہ اب گئے تو کبھی لوٹ کر نہیں ملنا

اور کوئی دم کی مہماں ہے گزر جائے گی رات (غزل)

اور کوئی دم کی مہماں ہے گزر جائے گی رات

ڈھلتے ڈھلتے آپ اپنی موت مر جائے گی رات

زندگی میں اور بھی کچھ زہر بھر جائے گی رات

اب اگر ٹھہری رگ و پے میں اتر جائے گی رات

جو بھی ہیں پروردۂ شب جو بھی ہیں ظلمت پرست

وہ تو جائیں گے اسی جانب جدھر جائے گی رات

اہل طوفاں بے حسی کا گر یہی عالم رہا

موج خوں بن کر ہر اک سر سے گزر جائے گی رات

ہے افق سے ایک سنگ آفتاب آنے کی دیر

ٹوٹ کر مانند آئینہ بکھر جائے گی رات

ہم تو جانے کب سے ہیں آوارۂ ظلمت مگر

تم ٹھہر جاؤ تو پل بھر میں گزر جائے گی رات

رات کا انجام بھی معلوم ہے مجھ کو سرورؔ

لاکھ اپنی حد سے گزرے تا سحر جائے گی رات

آج مئی کا پہلا دن ہے آج کا دن مزدور کا دن ہے (نظم)

آج مئی کا پہلا دن ہے آج کا دن مزدور کا دن ہے

ظلم و ستم کے مد مقابل حوصلۂ جمہور کا دن ہے

آج کا دن یہ علم و ہنر کا فکر و عمل کی فتح و ظفر کا

آج شکست ظلمت شب ہے آج فروغ نور کا دن ہے

صدیوں کے مظلوم انساں نے آج کے دن خود کو پہچانا

آج کا دن ہے یوم‌ انا الحق آج کا دن منصور کا دن ہے

اپنے لہو کا پرچم لے کر آج کے دن مظلوم اٹھے تھے

ایک نئے عنواں کی روایت ایک نئے دستور کا دن ہے

اب نہ کبھی ہم ظلم سہیں گے جبر و ستم پہ چپ نہ رہیں گے

ایک نئے اعلان کی ساعت ایک نئے منشور کا دن ہے