پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سراج اعظمی کی غزلیں — Siraj Azmi Ghazals

سراج اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ابتدا و انتہا ہے آئنہ در آئنہ (غزل)

ابتدا و انتہا ہے آئنہ در آئنہ

عکس میرا بولتا ہے آئنہ در آئنہ

کون گزرا ہے مرے دل سے خیالوں کی طرح

جانے کس کا نقش پا ہے آئنہ در آئنہ

جیسے ہو تدبیر در تدبیر راز زندگی

آدمی یوں دیکھتا ہے آئنہ در آئنہ

دل بہ دل سیل تمنا رگ بہ رگ ذوق حیات

سوچتا ہوں کیا چھپا ہے آئنہ در آئنہ

مانیے تو منکشف ہے دل پہ مثل مہر و ماہ

سوچیے تو پھر خدا ہے آئنہ در آئنہ

میں ہوں خود اپنی شکستوں کی صدائے بازگشت

تو ملا بھی تو ملا ہے آئنہ در آئنہ

راز اندر راز ہے اس طرح ساری کائنات

جیسے کوئی آئنہ ہو آئنہ در آئنہ

جو خود اپنی آگ میں جلتا رہا ہے عمر بھر

وہ سراجؔ اب کے جلا ہے آئنہ در آئنہ

شاخ گل چھین لیں گل تر سے (غزل)

شاخ گل چھین لیں گل تر سے

آدمی ہو گئے ہیں پتھر سے

وہ کہاں اور ہم کہاں لیکن

آنکھیں اب تک ہٹی نہیں در سے

لوگ اس پار جا چکے اور ہم

شکوہ کرتے رہے مقدر سے

جس میں لہجے کی کاٹ ہو شامل

لفظ وہ کم نہیں ہیں خنجر سے

ہوش پھر بھی ہمیں نہیں آیا

لاکھ طوفاں گزر گئے سر سے

یہ مگر کم سواد کیا جانیں

اشک بھی کم نہیں سمندر سے

یہ مرا شہر بھی عجب ہے سراجؔ

بجھتے جاتے ہیں لوگ اندر سے

مزید غزلیں از سراج اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں