پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعلہ کراروی کی غزلیں — Shola Kararvi Ghazals

شعلہ کراروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رباب حسن ہے یا کوئی ساز الفت ہے (غزل)

رباب حسن ہے یا کوئی ساز الفت ہے

سمجھ میں آ نہ سکی دل کی جو حقیقت ہے

کدورتوں سے یہ اہل جہاں کی حالت ہے

نہ اب دلوں میں صفائی نہ رسم الفت ہے

مریض ہجر کی اب کچھ عجیب حالت ہے

نہ ہوش ہی میں ہے اپنے نہ خواب غفلت ہے

بنے جو اور بگڑ جائے ہے مری تقدیر

بگڑ بگڑ کے بنے جو عدو کی قسمت ہے

قدم قدم پہ ہیں صحرا کے خار دامن گیر

وفا کی راہ میں ہر گام پر مصیبت ہے

زباں کھلے گی نہ محشر میں سامنے ان کے

کرے جو حشر میں فریاد کس کی جرأت ہے

گلوں کا کھل کے بکھرنا ہے آئنہ غم کا

چمن کا یوں تو ہر اک پتہ نقش عبرت ہے

بکھر رہا ہے کتاب جہاں کا شیرازہ

قیامت آنے سے پہلے یہ کیا قیامت ہے

سمٹ کے آ گئی پہلو میں کائنات جہاں

سمجھ میں آ نہیں سکتی جو دل کی وسعت ہے

یہ ذوق‌‌ شعر و سخن فطرتاً ہے اے شعلہؔ

نمود و نام کی خواہش نہ فکر شہرت ہے

یاد تیری فلک پیر لئے بیٹھے ہیں (غزل)

یاد تیری فلک پیر لئے بیٹھے ہیں

شکوۂ گردش تقدیر لئے بیٹھے ہیں

بے اثر نالۂ شب گیر لئے بیٹھے ہیں

ایک ٹوٹی ہوئی زنجیر لئے بیٹھے ہیں

مصحف حسن کی تفسیر لئے بیٹھے ہیں

دل میں ہم آپ کی تصویر لئے بیٹھے ہیں

جانے کب منہدم ارکان عناصر ہو جائیں

ریت پر جسم کی تعمیر لئے بیٹھے ہیں

اس نے دزدیدہ نگاہوں سے کبھی دیکھا تھا

دل میں اب تک خلش تیر لئے بیٹھے ہیں

نقش بر آب ہے دراصل حباب ہستی

کب یہ ممکن ہے جو تعمیر لئے بیٹھے ہیں

ایک ہی آہ میں برہم ہے نظام عالم

اپنے نالوں میں وہ تاثیر لئے بیٹھے ہیں

زندگی موت ہے اور موت حیات جاوید

خواب ہستی کی یہ تعبیر لئے بیٹھے ہیں

دور حاضر میں غنیمت ہے بہت اے شعلہؔ

آپ جو عزت و توقیر لئے بیٹھے ہیں

مزید غزلیں از شعلہ کراروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں