پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفا گوالیاری کی غزلیں — Shifa Gwaliari Ghazals

شفا گوالیاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوش میں آ زندگی تو نے غلط سمجھا مجھے (غزل)

ہوش میں آ زندگی تو نے غلط سمجھا مجھے

دے نہیں سکتی کسی منزل پہ بھی دھوکا مجھے

میرے افسانے کو پھر عنوان میں الجھا دیا

آپ نے اپنی طرف کیوں دیکھ کر دیکھا مجھے

اور تو ہر طرح تکمیل پرستش ہو چکی

صرف اپنے سامنے کرنا ہے اک سجدہ مجھے

زندگی کی الجھنیں اب بھی سلجھ جائیں تمام

اک ذرا میرا نفس گر چھوڑ دے تنہا مجھے

یاد آ جاتی ہے اپنے وقت کی بے اختیار

جب نظر آتا ہے کوئی وقت کا مارا مجھے

ڈوب مر اے زندگی یہ کیا ترے ہوتے ہوئے

موت آئی ہے بتانے کے لئے رستا مجھے

عمر رفتہ ہے یہ نا ممکن تجھے آواز دوں

آج تک تو نے پلٹ کر بھی کبھی دیکھا مجھے

وقت کے ہم راہ میں دنیا سے آگے بڑھ گیا

اے شفاؔ آواز دیتی رہ گئی دنیا مجھے

توڑ کر ہم بے خودی کی حد خودی تک آ گئے (غزل)

توڑ کر ہم بے خودی کی حد خودی تک آ گئے

موت سے کرکے بغاوت زندگی تک آ گئے

اپنی منزل آپ ہی خود آ رہے ہیں اب نظر

ہو نہ ہو ہم آج اپنی روشنی تک آ گئے

اے غم عالم تری اس دل نوازی کے نثار

تیرے نزدیک آ کے جیسے ہر خوشی تک آ گئے

کیوں فضاؤں میں نظر آتے ہیں جلوؤں کے غبار

کیا مہ و خورشید گرد آدمی تک آ گئے

بجھ رہی ہیں جن کی خاطر عشرتیں کونین کی

ایسے غم بھی کچھ ہماری زندگی تک آ گئے

اب محبت کا ہر اک رخ آئنہ بن جائے گا

آج ہم ان کی نگاہ بے رخی تک آ گئے

فطرتاً اب ہو چلا انسان فطرت آشنا

خود گماں سارے یقیں کی روشنی تک آ گئے

شاعری کی راہ میں کرتے ہوئے روشن چراغ

اے شفاؔ ہم بھی مقام زندگی تک آ گئے

مزید غزلیں از شفا گوالیاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں