پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاذیہ اکبر کی غزلیں — Shaziya Akbar Ghazals

شاذیہ اکبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تیرے انتظار کی عادت نہیں رہی (غزل)

اب تیرے انتظار کی عادت نہیں رہی

پہلے کی طرح گویا محبت نہیں رہی

ذوق نظر ہمارا بڑھا ہے کچھ اس طرح

تیرے جمال پر بھی قناعت نہیں رہی

فرقت میں اس کی روز ہی ہوتی تھی اک غزل

اب شاعری ذریعۂ راحت نہیں رہی

دنیا نے تیرے غم سے بھی بیگانہ کر دیا

اب دل میں تیرے وصل کی چاہت نہیں رہی

کچھ ہم بھی تھک گئے ترے در پر کھڑے کھڑے

تم میں بھی پہلے جیسی سخاوت نہیں رہی

تکتے ہیں روز ایک ہی صورت الم کی ہم

یا رب ترے جہاں میں بھی جدت نہیں رہی

ترے خیال کو بھی فرصت خیال نہیں (غزل)

ترے خیال کو بھی فرصت خیال نہیں

جدائی ہجر نہیں ہے ملن وصال نہیں

مرے وجود میں ایسا سما گیا کوئی

غم زمانہ نہیں فکر ماہ و سال نہیں

اسے یقین کے سورج سے ہی ابھرنا ہے

وہ سیل وہم میں بہتا ہوا جمال نہیں

دہک اٹھے مرے عارض مہک اٹھیں سانسیں

پھر اور کیا ہے اگر یہ ترا خیال نہیں

نہ جانے کتنے جہاں منتظر ہیں تیرے لیے

ترے عروج کی پہلے کہیں مثال نہیں

دسمبر کس لئے آخر (نظم)

دسمبر کس لئے آخر

ہمیشہ خاص لگتا ہے

وہ درجن بھر مہینوں سے

سدا ممتاز لگتا ہے

بہت سہمی ہوئی صبحیں

اداسی سے بھری شامیں

دوپہریں روئی روئی سی

وہ راتیں کھوئی کھوئی سی

گرم دبیز شعلوں کا

وہ کم روشن اجالوں کا

کبھی گزرے حوالوں کا

کبھی مشکل سوالوں کا

بچھڑ جانے کی مایوسی

ملن کی آس لگتا ہے

دسمبر کس لیے آخر

مزید غزلیں از شاذیہ اکبر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں