پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوق سالکی کی غزلیں — Shauq Salki Ghazals

شوق سالکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھ اٹھاتا ہوں میں اب دعا کے لیے (غزل)

ہاتھ اٹھاتا ہوں میں اب دعا کے لیے

تم بھی آمین کہنا خدا کے لیے

مجھ کو اس نیم جاں دل پہ حیرت ہے جو

زندگی چاہتا ہے خطا کے لیے

آفتیں جس قدر ہو سکیں بخش دو

وقف ہے دل مرا ہر بلا کے لیے

مجھ تک آنے میں زحمت نہ ہو لاؤ میں

راہ ہموار کر دوں قضا کے لیے

نقل فریاد سے میری کیا فائدہ

کچھ اثر بھی ہو دل کی صدا کے لیے

ابتدا غم کی جب بن گئی زندگی

مجھ کو مرنا پڑا انتہا کے لیے

شوقؔ ان کے ستم کی لطافت نہ پوچھ

دل تڑپتا ہے اب تک جفا کے لیے

آ کر نجات بخش دو رنج و ملال سے (غزل)

آ کر نجات بخش دو رنج و ملال سے

دل مطمئن نہیں ہے تمہارے خیال سے

اف گردش نصیب کہ ہشیار ہو کے بھی

محفوظ رہ سکے نہ زمانے کی چال سے

یہ کیوں کہوں کہ مجھ سے انہیں پیار ہے مگر

اک واسطہ ضرور ہے میرے خیال سے

تھا کون یہ خبر نہیں بس اتنا یاد ہے

ٹکرائی تھی نگاہ کسی کے جمال سے

دل بستگی کی اس سے کوئی کیا کرے امید

جو کھیلتا رہا ہو دل پائمال سے

ایسا نہ ہو کہ ایسے ہی بن جائیں آپ بھی

مت کیجیئے گریز کسی خستہ حال سے

جاتا رہے گا شوقؔ تڑپنے کا اب مزہ

غم بڑھ رہا ہے آج حد اعتدال سے

مزید غزلیں از شوق سالکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں