پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوق ماہری کی غزلیں — Shauq Mahri Ghazals

شوق ماہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عجب انداز محفل ہو رہا ہے (غزل)

عجب انداز محفل ہو رہا ہے

کہ مرنا تک بھی مشکل ہو رہا ہے

ستارہ ماہ کامل ہو رہا ہے

کوئی معصوم قاتل ہو رہا ہے

مری دیوانگی میں کچھ دنوں سے

جنوں کا رنگ شامل ہو رہا ہے

جو ہونا ہے وہی ہو کر رہے گا

پریشاں کس لئے دل ہو رہا ہے

قیامت جس کے قدموں سے لگی ہے

وہ فتنہ جان محفل ہو رہا ہے

تباہی دل کی نزدیک آ رہی ہے

نگاہوں کے مقابل ہو رہا ہے

کروں اے شوقؔ کیا دشمن کا شکوہ

یہاں ہر دوست قاتل ہو رہا ہے

کیا لطف زندگی کا جو نادانیاں نہ ہوں (غزل)

کیا لطف زندگی کا جو نادانیاں نہ ہوں

سینے میں دل ہو اور پریشانیاں نہ ہوں

ترک تعلقات تو کرتے ہو دیکھنا

تم کو خدا نہ کردہ پشیمانیاں نہ ہوں

یہ ساری اضطراب مسلسل کی بات ہے

دل کو سکون ہو تو غزل خوانیاں نہ ہوں

زخم جگر کو اپنے چھپاتا رہا ہوں میں

اس خوف سے کہ ان کو پشیمانیاں نہ ہوں

وہ دن گزر گئے کہ محبت گناہ تھی

اب تو مشاہدات کو حیرانیاں نہ ہوں

اس دل پہ سوز و ساز محبت حرام ہے

جس میں نشاط غم کی فراوانیاں نہ ہوں

اے شوقؔ برق و باد کا اس میں قصور کیا

قسمت بری نہ ہو تو پریشانیاں نہ ہوں

مزید غزلیں از شوق ماہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں